وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے آئی ٹی شعبے کی برآمدی صلاحیت سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے اسے ملکی معیشت کی ترقی اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کا اہم ذریعہ بنایا جا رہا ہے، آئی ٹی اور اس سے منسلک خدمات کے شعبوں میں ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ترجیحی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وزارت آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن کی کارکردگی، اہم منصوبوں پر پیش رفت اور جاری اصلاحات کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیراعظم نے اسپیشل ٹیکنالوجی زونز اتھارٹی (STZA) کے تحت فعال تمام آئی ٹی پارکس کے تھرڈ پارٹی آڈٹ کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی، جبکہ متعلقہ حکام کو اسپیشل ٹیکنالوجی زونز کو ٹیکنالوجی اور آئی ٹی برآمدات کے فروغ کا مرکز بنانے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے STZA میں ٹیکنالوجی کمپنیوں کے قیام کے لیے قانونی شقوں کے ممکنہ غلط استعمال کی روک تھام کے لیے قانون پر نظرثانی کرنے اور ملک بھر میں انٹرنیٹ کی رفتار اور قابل اعتماد کنیکٹیویٹی بہتر بنانے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے پاکستانی نوجوانوں کو جدید آئی ٹی مہارتوں کی تربیت دینے کے عمل میں تیزی لانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عالمی معیار کی تکنیکی تربیت سے نوجوانوں کو بین الاقوامی لیبر مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔
اجلاس میں علی بابا کے اشتراک سے اسٹریٹجک ٹرانسفارمیٹو فریم ورک پر عملدرآمد کی پیش رفت کا جائزہ بھی لیا گیا۔ شرکاء کو بتایا گیا کہ علی بابا حکومت پاکستان کے لیے ایک جامع سپر ایپ تیار کر رہا ہے، جس کے ذریعے شہریوں کو مختلف سرکاری خدمات ایک ہی ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر دستیاب ہوں گی۔
اجلاس کو اسپیشل ٹیکنالوجی زونز اتھارٹی کی کارکردگی سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا گیا کہ ملک بھر میں سات کلسٹرز کے تحت 32 ٹیکنالوجی زونز پر کام جاری ہے، جن میں 21 فعال جبکہ 11 زیر تعمیر ہیں۔ ان زونز میں اب تک 100 ارب روپے کی سرمایہ کاری ہو چکی ہے جبکہ مزید 105 ارب روپے کی سرمایہ کاری کی تجاویز زیر غور ہیں۔ تقریباً 300 ٹیکنالوجی کمپنیوں نے ان زونز میں اپنے دفاتر بھی قائم کر لیے ہیں۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ ملک میں 5G سروسز کے اجرا کے حوالے سے پیش رفت تسلی بخش ہے اور ٹیلی کام کمپنیوں نے 86 شہروں میں نیٹ ورک کی اپ گریڈیشن مکمل کر لی ہے۔
آئی ٹی شعبے کی برآمدات کے حوالے سے بریفنگ میں بتایا گیا کہ جون 2026 تک آئی ٹی برآمدات 4.6 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں جبکہ جولائی سے ستمبر 2026 کے دوران ان کا حجم 1.24 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔ اسی طرح فری لانسرز کی برآمدات جون 2026 تک 1.165 ارب ڈالر رہیں۔ اجلاس میں آئی ٹی کمپنیوں کی تعداد اور ڈیجیٹل سرکاری خدمات کے اجرا میں ہونے والی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔
انٹرنیٹ کی رفتار، فکسڈ براڈبینڈ اور موبائل انٹرنیٹ کے اہداف پر بریفنگ میں بتایا گیا کہ 4G کوریج اور اسمارٹ فونز تک رسائی میں بہتری آ رہی ہے۔ ڈیجی اسکلز پروگرام کے تحت جون 2026 تک 9 لاکھ 31 ہزار سے زائد افراد تربیت مکمل کر چکے تھے، جبکہ جولائی سے اکتوبر 2026 کے دوران تربیتی سرگرمیوں میں مزید پیش رفت ہوئی تاکہ مقررہ اہداف حاصل کیے جا سکیں۔
اجلاس میں وفاقی وزراء رانا تنویر حسین، اعظم نذیر تارڑ، ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، عطا اللہ تارڑ، شزا فاطمہ خواجہ، چوہدری سالک حسین اور مصطفیٰ کمال، وزیراعظم کے مشیر محمد علی، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی، چاروں صوبوں کے چیف سیکریٹریز اور دیگر اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔