خواتین اور چھٹھ پوجا سے متعلق متنازع مذاق پر بھارتی کامیڈین کے خلاف مقدمہ درج، انسٹاگرام اکاؤنٹ بند

image

بھارتی دارالحکومت دہلی سے تعلق رکھنے والے اسٹینڈ اپ کامیڈین یش مہیشوری کے خلاف ریاست بہار کی خواتین اور مذہبی تہوار چھٹھ پوجا سے متعلق متنازع مذاق کرنے پر پٹنہ سائبر پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

پولیس نے 24 نومبر کو درج کی گئی ایف آئی آر میں بھارتیہ نیائے سنہتا اور انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ کی مختلف دفعات شامل کی ہیں۔ حکام کے مطابق 21 نومبر کو یوٹیوب پر اپ لوڈ کی گئی ویڈیو ’مورلی کوئسچن ایبل‘ میں شادی شدہ خواتین کے سندور لگانے کی روایت پر نامناسب اور توہین آمیز تبصرے کیے گئے تھے، جس سے خواتین کے وقار کو ٹھیس پہنچی اور سماجی ہم آہنگی متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوا۔

کانگریس، بی جے پی اور شیوسینا کے رہنماؤں نے بھی اس معاملے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کامیڈین کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

عوامی اور سیاسی دباؤ بڑھنے کے بعد یش مہیشوری نے متنازع ویڈیو یوٹیوب سے ہٹا کر ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے بہار کے عوام سے معذرت کرلی ہے، جس میں انہوں نے اپنے الفاظ کو نامناسب قرار دیتے ہوئے آئندہ احتیاط برتنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ اس تنازع کے بعد کامیڈین کا انسٹاگرام اکاؤنٹ بھی بند کر دیا گیا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US