پاکستانی خلا باز کی خلائی مشن پر روانگی کے موقع پر وزارت اطلاعات کا خصوصی ملی نغمہ جاری

image

وزارت اطلاعات و نشریات نے چینی خلائی مشن ’’شین زو 24‘‘ کے ذریعے پاکستانی خلا باز ذیشان علی کی خلا میں روانگی کے تاریخی موقع پر خصوصی ملی نغمہ جاری کر دیا ہے، جس میں پاکستان کی قومی امنگوں، خلائی تحقیق کے نئے افق اور پاک چین دوستی کے لازوال رشتے کو اجاگر کیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر خصوصی ملی نغمے کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی خلا باز ذیشان علی کی خلائی مشن پر روانگی کے تاریخی موقع پر جاری کیا گیا یہ نغمہ قومی عزم اور پاک چین دوستی کے لازوال رشتے کا خوبصورت اظہار ہے۔

ملی نغمے کا عنوان ’’ستاروں سے آگے جہاں اور بھی ہیں‘‘ رکھا گیا ہے، جس کا مرکزی خیال اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ پاک چین دوستی زمینی سرحدوں سے نکل کر خلاء کی وسعتوں تک پہنچ چکی ہے۔

نغمے میں دونوں ممالک کے درمیان خلائی تحقیق کے میدان میں تعاون اور دوستی کے مضبوط رشتے کو نمایاں کیا گیا ہے۔ اس کے ولولہ انگیز بول ’’اس خواب کو اب ہے جینا، صدیوں سے ہے دل کی صدا، آندھی ہو یا آئے طوفان، رگوں میں صرف دوڑے جنون یہ جیت کا‘‘ قومی عزم اور کامیابی کے جذبے کی عکاسی کرتے ہیں۔

خصوصی ملی نغمے میں پاکستانی خلا باز ذیشان علی کی خلائی مشن پر روانگی سے قبل وزیراعظم شہباز شریف اور چیف آف ڈیفنس فورسز عاصم منیر سے ملاقاتوں کے مناظر بھی شامل کیے گئے ہیں، جبکہ چین میں خلائی مشن کے لیے ان کی تربیت کے مختلف مراحل، مشن کی تیاریوں اور ذیشان علی کی گفتگو کی جھلکیاں بھی دکھائی گئی ہیں۔

وزارت اطلاعات و نشریات کا یہ خصوصی ملی نغمہ خلائی تحقیق کے نئے افق کی جانب پاکستان کے سفر، قومی امنگوں اور پاکستان اور چین کے درمیان دیرینہ دوستی و تعاون کی مضبوطی کا اظہار ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US