بنگلہ دیشی سپیکر نے اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس کا دورہ کیا جہاں صحافیوں سے گفتگو کے دوران انھوں نے 1971 کی جنگ اور سقوط ڈھاکہ سے جڑے واقعات کو یاد کیا۔ ایک موقع پر انھوں نے یہ بھی کہا کہ 1971 میں انڈیا نے ’بنگالیوں کی مدد نہیں کی تھی بلکہ پاکستان کو کمزور کیا تھا۔‘
بنگلہ دیشی پارلیمنٹ کے سپیکر حافظ الدین احمد اس وقت پاکستان کے دورے پر موجود ہیں جہاں انھوں نے نہ صرف وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کی ہے بلکہ پاکستان ملٹری اکیڈمی (پی ایم اے) کاکول کا بھی دورہ کیا ہے۔
بدھ کے روز انھوں نے اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس کا دورہ کیا جہاں صحافیوں سے گفتگو کرنے کے دوران انھوں نے 1971 کی جنگ اور سقوط ڈھاکہ سے جڑے واقعات کو یاد کیا۔ ایک موقع پر انھوں نے یہ بھی کہا کہ 1971 میں انڈیا نے 'بنگالیوں کی مدد نہیں کی تھی بلکہ پاکستان کو کمزور کیا تھا۔'
ان کا دورہ اس لیے بھی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ وہ پاکستانی فوج کے سابق کپتان ہیں جنھیں 1971 کی جنگ میں اپنی بہادری پر بنگلہ دیش میں فوجی اعزاز سے نوازا گیا تھا۔
دریں اثنا بدھ کی شب بنگلہ دیشی سپیکر کی شہباز شریف سے بھی ملاقات ہوئی جس دوران پاکستانی وزیر اعظم نے کہا کہ ’پاکستان بنگلہ دیش کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ 'بنگلہ دیش کے پارلیمانی وفد کے پاکستان میں روابط اور ملاقاتیں پارلیمانی شعبے میں تعاون کے وسیع امکانات کی عکاس ہیں۔' انھوں نے اس امر پر زور دیا کہ پارلیمانی وفود کے باقاعدہ تبادلے باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں قریبی دوطرفہ تعاون کے لیے مضبوط بنیاد فراہم کریں گے۔
پاکستان کے صدر آصف علی زرداری نے بھی ان سے ملاقات کی ہے۔ پاکستان ہائی کمیشن کے مطابق بنگلہ دیش کی درخواست پر اسلام آباد وہاں شوگر ملوں کی بحالی کے لیے تکنیکی مہارت فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔ صدر نے ٹیکسٹائل، دواسازی، چمڑا سازی، آٹوموبائل، تعمیراتی سامان، معدنیات، کیمیکلز، سیرامکس اور دیگر شعبوں میں روابط اور تعاون بڑھانے کی حوصلہ افزائی کی۔
حافظ الدین احمد 23 نومبر کو اسلام آباد پہنچے تھے، جہاں وہ پاکستان کی قومی اسمبلی کے سپیکر سردار ایاز صادق کی خصوصی دعوت پر چھ روزہ سرکاری دورے پر آئے۔ ان کی 29 نومبر کو وطن واپسی متوقع ہے۔ یہ بنگلہ دیشی پارلیمان کے کسی سپیکر کا پاکستان کا پہلا سرکاری دورہ ہے۔
1971 کی جنگ اور بنگلہ دیش کے قیام کے بعد طویل عرصے تک دونوں ممالک کے تعلقات کشیدہ رہے ہیں۔ تاہم حالیہ برسوں میں دونوں ممالک کے درمیان سفارتی، تجارتی اور پارلیمانی روابط بڑھانے کے لیے مختلف اقدامات کیے گئے ہیں۔
اگست 2025 میں پاکستان کے نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے ڈھاکہ کا دورہ کیا تھا۔ اسی سال دسمبر میں پاکستان کی قومی اسمبلی کے سپیکر سردار ایاز صادق سابق بنگلہ دیشی وزیرِ اعظم خالدہ ضیا کی آخری رسومات میں شرکت کے لیے ڈھاکہ گئے تھے۔ فروری 2026 میں پاکستان کے وزیرِ منصوبہ بندی احسن اقبال نے وزیرِ اعظم طارق رحمان کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کی تھی۔
بنگلہ دیشی سپیکر نے اسلام آباد میں کیا کہا؟
حافظ الدین احمد کی اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو پاکستان کے مقامی میڈیا پر رپورٹ ہوئی ہے۔
بنگلہ دیشی سپیکر نے کہا کہ 1971 میں انڈیا نے بنگالیوں کی مدد نہیں کی بلکہ پاکستان کو کمزور کرنے کے لیے کردار ادا کیا۔
حافظ الدین احمد کا کہناتھا کہ بنگالی ایک جمہوریت پسند قوم ہیں اور کسی قسم کی آمریت برداشت نہیں کرتے۔ انھوں نے کہا کہ '1971 میں بھی بنگالیوں نے جمہوریت کا مطالبہ کیا تھا، لیکن انھیں ان کا حق نہیں دیا گیا۔'
سپیکر نے سامعین کو بتایا کہ دسمبر 1971 میں قیامِ بنگلہ دیش کے بعد ملک نے فوجی اور سول دونوں طرح کے مارشل لا کا تجربہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ 'میں آپ کو بتاتا چلوں کہ ہمارے سول آمروں کی آمریت بدترین نوعیت کی تھی۔ ایک جماعتی نظام مسلط کر دیا گیا تھا۔'
بنگلہ دیشی پارلیمنٹ کے سپیکر نے مزید کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش میں پارلیمانی نظام ایک جیسا ہے تاہم 1975 میں بنگلہ دیش میں یک جماعتی نظام متعارف کرایا گیا۔ 'بدقسمتی سے ملک کو حقیقی جمہوریت میسر نہیں آسکی، البتہ رواں سال فروری میں ہونے والے انتخابات شفاف تھے۔'
مسئلہ کشمیر پر بات کرتے ہوئے حافظ الدین احمد نے کہا کہ کشمیر کا تنازع اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔ انھوں نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے تعلقات کے حوالے سے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے درمیان دوستی مزید مضبوط اور گہری ہوگی۔
حافظ الدین احمد کا کہنا تھا کہ گذشتہ 15 برس کے دوران بنگلہ دیش 'ہمسایہ ملک کی کالونی بن چکا تھا جس کے باعث عوام شدید مشکلات کا شکار رہے۔'
انھوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد بنگلہ دیش واپس آئیں تو انھیں براہِ راست جیل جانا پڑے گا۔ خیال رہے کہ شیخ حسینہ نے دسمبر میں بنگلہ دیش واپسی کا اعلان کر رکھا ہے۔
بنگلہ دیشی سپیکر نے کہا کہ شیخ حسینہ واجد نے 'ایک مسلم دشمن ملک میں پناہ لے رکھی ہے۔'
سپیکر بنگلہ دیشی پارلیمنٹ کا کہنا تھا کہ اگر انڈیا شیخ حسینہ واجد کو بنگلہ دیش کے حوالے نہیں کرتا تو ڈھاکہ حکومت عالمی عدالت انصاف سے رجوع کرے گی۔ 'شیخ حسینہ واجد کی وطن واپسی کے اعلانات محض اپنے کارکنوں کو متحرک رکھنے کے لیے ہیں، وہ آئندہ 10 سال تک بنگلہ دیش واپس نہیں آئیں گی۔'
دریں اثنا حافظ الدین نے دعویٰ کیا کہ 50 سے زیادہ بڑے اور چھوٹے دریا انڈیا سے بہتے ہوئے بنگلہ دیش میں داخل ہوتے ہیں مگر انڈیا ’مسلسل بیراج تعمیر کر رہا ہے تاکہ ہمارے ملک میں پانی کے بہاؤ میں رکاوٹ ڈالی جا سکے۔‘
پاکستانی فوج سے پرانا تعلق اور بنگلہ دیش میں آزادی میں کردار
بنگلہ دیش کی پارلیمنٹ کے سپیکر حافظ الدین نے بدھ کے روز پاکستان کے سرکاری دورے کے دوران پاکستان ملٹری اکیڈمی (پی ایم اے) کاکول کا بھی دورہ کیا۔ پی ایم اے کاکول پہنچنے پر ان کا استقبال اکیڈمی کے کمانڈنٹ لیفٹیننٹ جنرل افتخار حسن چوہدری نے کیا۔
اس دورے کی ایک پریس ریلیز کے مطابق بنگلہ دیشی سپیکر نے 'گرمجوشی سے' پاکستانی فوج میں اپنے فوجی کیریئر کا ذکر کیا اور 'پی ایم اے میں گزارے گئے وقت کو یاد کیا۔'
انھوں نے کہا کہ اکیڈمی میں گزارے گئے ابتدائی اور تربیتی سالوں نے 'ان کی شخصیت پر گہرا اور دیرپا اثر چھوڑا'۔
بنگلہ دیشی پارلیمنٹ کی ویب سائٹ کے مطابق فوجی اور سیاسی زندگی سے قبل حافظ الدین احمد نے ایک فٹبالر کے طور پر بھی نمایاں شہرت حاصل کی اور اپنے دور کے باصلاحیت کھلاڑیوں میں شمار ہوتے تھے۔ ایک متحرک فارورڈ کے طور پر انھوں نے محمدن سپورٹنگ کلب سمیت کئی معروف کلبوں کی نمائندگی کی اور 1967 سے بنگلہ دیش کی آزادی تک 1971 میں پاکستان قومی فٹبال ٹیم کے لیے بھی کھیلے۔
حافظ الدین احمد کی سرکاری پروفائل کے مطابق انھوں نے '1971 کی جنگ کے دوران غیر معمولی حب الوطنی کا مظاہرہ کیا۔ پاکستان آرمی میں کمیشن حاصل کرنے والے ایک کپتان کی حیثیت سے انھوں نے اہم محاذوں، خصوصاً سیکٹر 8 اور 'زیڈ فورس' میں عسکری کارروائیوں میں فعال حصہ لیا۔
'ایسٹ بنگال سے تعلق رکھنے والے ایک افسر کے طور پر انھوں نے 30 مارچ 1971 کو جیسور چھاؤنی میں پاکستان حکومت کے خلاف بغاوت کی، تقریباً آٹھ گھنٹے تک پاکستان آرمی کے خلاف لڑے اور 200 فوجیوں کے ساتھ چھاؤنی سے نکلنے میں کامیاب ہوئے۔'
'15 دسمبر 1971 کو میجر ضیا الرحمان کی قیادت میں 'زیڈ فورس' کے تحت انھوں نے ایک روزہ جنگ کے بعد سلہٹ شہر پر قبضہ کر لیا۔'
انھیں اس غیر معمولی بہادری پر بنگلہ دیش کے تیسرے بڑے فوجی اعزاز 'بیر بکرم' سے نوازا گیا تھا۔
دریں اثنا اس بنگلہ دیشی وفد میں حمام چوہدری بھی موجود ہیں جن کے دادا اے کے ایم فضل الکریم چوہدری 29 نومبر 1962 سے 12 نومبر 1965 تک پاکستان کی قومی اسمبلی کے سپیکر رہے۔
حمام چوہدری نے اس حوالے سے سوشل میڈیا پر لکھا کہ ’تاریخ ہمیں اپنے ماضی سے جوڑتی ہے، لیکن یہ ہمیں مستقبل کے حوالے سے اپنی ذمہ داریوں کی بھی یاد دہانی کراتی ہے۔‘
’میرے لیے یہ تصویر محض ایک لمحے کی عکاسی نہیں کرتی۔ یہ نسلوں کے درمیان ایک گہرے ذاتی تعلق، ورثے کے احساس اور عوامی خدمت کے ساتھ آنے والی ذمہ داری کی نمائندگی کرتی ہے۔‘
BBC World Service کی نئی ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔
'BBC News اردو' ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔
نوٹ: نئی ایپ برطانیہ اور امریکہ میں دستیاب نہیں ہے اور اس کا انگریزی زبان میں ایڈیشن موجود نہیں۔