سیاست کو سیاست سمجھ کر کریں، مولانا فضل الرحمان کے بیان پر عطا اللہ تارڑ کا ردعمل

image

”سیاست کو سیاست سمجھ کر ہی کرنا چاہیے، ہمیں افغانستان کے حق میں اور پاکستان کے خلاف بیانیہ بنانے کی حد تک نہیں جانا چاہیے۔ مولانا فضل الرحمان ایک سینئر، زیرک اور دور اندیش سیاستدان ہیں، مگر ان کے حالیہ بیانات اور طرزِ عمل سے ایسا لگ رہا ہے جیسے وہ خود تصادم چاہتے ہیں۔ سیاست میں ہمیشہ گنجائش رکھنی چاہیے، بند گلی کی طرف نہیں جانا چاہیے۔“

وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں مولانا فضل الرحمان کے حالیہ بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے انہیں تحمل اور معاملہ فہمی سے کام لینے کا مشورہ دیا۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں معمولی ٹریفک جام کوئی غیر معمولی بات نہیں، تاہم سیاسی اختلافات کو ملکی سلامتی کے معاملات تک لے جانا مناسب نہیں۔ ان کے مطابق مولانا کے لہجے اور الفاظ میں بڑھتی ہوئی تلخی سیاسی کشیدگی میں اضافے کا سبب سکتی ہے۔

واضح رہے کہ جے یو آئی (ف) نے 26 نومبر کو سرگودھا میں کانفرنس کے انعقاد کا اعلان کیا تھا، تاہم جلسے کی اجازت نہ ملنے، راستوں کی بندش اور پارٹی رہنماؤں و کارکنوں کی مبینہ گرفتاریوں کے بعد مولانا فضل الرحمان نے ملک گیر احتجاج اور شٹر ڈاؤن کی کال دی، جس کے باعث حکومت اور جے یو آئی کے درمیان سیاسی کشیدگی بڑھ گئی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US