لاکھوں مہمان، 150 کھانے اور چھ ہیلی پیڈ: انڈین سیاستدان کی بیٹی کی شاہانہ شادی میں ’پاکستان سے بھی مہمان مدعو‘

شادی کی تقریب میں تقریباً پانچ لاکھ افراد شریک ہوئے۔ اہم مہمانوں کی آمد کے لیے گاؤں میں چھ ہیلی پیڈ قائم کیے گئے تھے جبکہ عارضی باورچی خانوں میں سینکڑوں باورچیوں نے 150 سے زائد اقسام کے کھانے تیار کیے۔
Shivangi Singh a Delhi university graduate, married Rishikesh Kumar on Wednesday
Ranjita Kumari/BBC
شیوانگی سنگھ اور رشی کیش کمار

انڈیا کی ریاست بہار میں ایک سیاستدان کی بیٹی کی شاہانہ شادی کی تقریب غیر معمولی شان و شوکت کے باعث خبروں کی زینت بنی ہوئی ہے۔

اس شادی کے خبروں میں آنے کی وجہ اس پر ہونے والے بے تحاشہ اخراجات ہیں اور یہ ایک ایسی ریاست میں ہوئی ہے جسے انڈیا کی 'غریب ترین ریاست' قرار دیا جاتا ہے۔

بہار اسمبلی کے رُکن اننت سنگھ کی بیٹی شیوانگی سنگھ کی شادی کی تقریبات کئی روز تک جاری رہیں اور ان کا اختتام بدھ کے روز ہوا۔ شادی کی ان تقریبات میں گھوڑوں کی دوڑ جیسے منفرد پروگرام بھی شامل تھے۔

بدھ کو ہونے والی مرکزی تقریب میں لاکھوں افراد نے شرکت کی، جن میں بہار اسمبلی کے سپیکر اور مقامی اور قومی سطح کے متعدد نمایاں سیاستدان بھی شامل تھے۔ یہ تقریب خاندان کے آبائی گاؤں نداوا میں منعقد ہوئی، جو ریاستی دارالحکومت پٹنہ سے تقریباً 65 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔

رواں ماہ کے آغاز پر ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پانچ بار رُکن اسمبلی منتخب ہونے والے اننت سنگھ نے کہا تھا کہ اُن کی بیٹی کی شادی کی تقریب میں ’سب کو دعوت دی گئی ہے، صرف بہار ہی نہیں بلکہ پورے انڈیا اور پاکستان سے بھی۔‘

بدھ کے روز شادی کی اختتامی تقریب میں بات کرتے ہوئے اننت سنگھ نے کہا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ جیسے ’واقعی سب ہی لوگ پہنچ گئے تھے۔‘

میڈیا رپورٹس کے مطابق شادی کی تقریب میں تقریباً پانچ لاکھ افراد شریک ہوئے، جس سے پورا گاؤں ایک بڑے میلے کا منظر پیش کرنے لگا، جبکہ پٹنہ آنے اور جانے والی سڑکوں پر کئی گھنٹوں تک ٹریفک جام رہی۔

اہم مہمانوں کی آمد کے لیے گاؤں میں چھ ہیلی پیڈ قائم کیے گئے تھے جبکہ عارضی باورچی خانوں میں سینکڑوں باورچیوں نے 150 سے زائد اقسام کے کھانے تیار کیے۔

بدھ کو ہونے والی آخری تقریب کی سب سے بڑی توجہ گھڑ دوڑ تھی جس کے لیے 52 گھوڑے لائے گئے تھے۔ تاہم آخری لمحے میں اس تقریب کو ملتوی کر دیا گیا کیونکہ مقابلہ دیکھنے کے لیے غیر معمولی ہجوم امڈ آیا تھا اور بہت سے لوگ دوڑ کے میدان تک پہنچ گئے تھے۔

PATNA, INDIA - MARCH 23: Bahubali JDU Mokama MLA Anant Singh releasing on bail from Beur Jail, reached his residence on March 23, 2026 in Patna, India. (Photo by Santosh Kumar/Hindustan Times via Getty Images)
Getty Images
اننت سنگھ ایک متنازع سیاستدان ہیں جن پر سنگین نوعیت کے درجنوں الزامات ہیں اور وہ ماضی میں جیل بھی جا چکے ہیں

گھڑ دوڑ کی ریہرسل کے دوران بنائی گئی ایک ویڈیو، جو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، میں ہزاروں افراد کو میدان کے اطراف جمع دیکھا جا سکتا ہے جبکہ سینکڑوں لوگ بہتر منظر حاصل کرنے کے لیے بجلی کے ایک کھمبے پر بھی چڑھے ہوئے تھے۔

گذشتہ ہفتے اننت سنگھ نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر ایک سفید رنگ کی ایس یو وی گاڑی کی ویڈیو شیئر کی تھی، جس کی قیمت 10 لاکھ سے 20 لاکھ انڈین روپے کے درمیان بتائی گئی، اور انھوں نے اعلان کیا تھا کہ یہ گھڑ دوڑ کے فاتح کے لیے انعام ہو گی۔ دوسرے اور تیسرے نمبر پر آنے والوں کے لیے موٹر سائیکل اور سکوٹر کا وعدہ بھی کیا گیا تھا۔

اب اس گھڑ دوڑ کے مقابلے کا فائنل جمعرات کو منعقد کیے جانے کا منصوبہ ہے۔

دلہن شیوانگی سنگھ، جو دہلی یونیورسٹی سے فارغ التحصیل ہیں، لینڈ کروزر گاڑی میں تقریب میں پہنچیں جبکہ دولہا رشی کیش کمار، جنھوں نے امریکہ کی جارجیا سٹیٹ یونیورسٹی سے ایم بی اے کیا ہے، 151 گاڑیوں کے قافلے کے ساتھ تقریب میں پہنچے۔

نیوز چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق اننت سنگھ بھی شاندار انداز میں تقریب میں شامل ہوئے۔ وہ ایک ایس یو وی کی سن روف سے باہر نکلے ہوئے تھے جبکہ ان کے حامیوں کا جم غفیر گاڑی کے ارد گرد موجود تھا۔ چینل نے تبصرہ کیا کہ وہ ’اپنی بیٹی کی شادی میں ایسے انداز سے پہنچے جس نے کسی دولہے کی آمد کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔‘

میڈیا رپورٹس کے مطابق دولہے کو دلہن کے خاندان کی جانب سے دو کروڑ 30 لاکھ روپے مالیت کی ایک گاڑی، سونا اور چاندی بھی دی گئی، اگرچہ اننت سنگھ نے شادی کے مجموعی اخراجات کی تفصیلات ظاہر نہیں کیں۔

Bride Shivangi Singh poses with friends and family
Ranjita Kumari/BBC

اگرچہ اس شادی کا پیمانہ سنہ 2024 میں ایشیا کے امیر ترین شخص مکیش امبانی کے سب سے چھوٹے بیٹے اننت امبانی کی شادی کی تقریبات جتنا نہیں تھا، تاہم بہار جیسی غریب ریاست میں اس تقریب کی شان و شوکت نے سب کی توجہ حاصل کی ہے۔

بہار میں ہر تین میں سے ایک شہری غربت کا شکار شمار کیا جاتا ہے اور اسی تناظر میں اس شادی کو بعض حلقوں میں ’شاہی شادی‘ قرار دیا جا رہا ہے۔

اننت سنگھ کے ایک سیاسی حریف اور بہار کی قانون ساز کونسل کے رکن نیرج کمار نے تحقیقاتی اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ یہ جانچ کریں کہ اس شادی کے لیے اتنی بڑی رقم کہاں سے آئی۔

تاہم شادی کے بارے میں عوامی دلچسپی کی اصل وجہ دلہا اور دلہن سے زیادہ دلہن کے والد اننت سنگھ ہیں، جو ایک متنازع سیاسی شخصیت سمجھے جاتے ہیں۔

’چھوٹے سرکار‘ کے نام سے معروف اننت سنگھ کو اکثر ’باہوبلی‘ کہا جاتا ہے، جو انڈیا کے کئی حصوں میں بااثر اور طاقتور مقامی رہنماؤں کے لیے استعمال ہونے والی اصطلاح ہے۔

اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر شیئر کی گئی ویڈیوز میں وہ اکثر اپنی مونچھوں کو تاؤ دیتے نظر آتے ہیں، جسے جنوبی ایشیائی ممالک میں فخر اور مردانگی کی علامت سمجھا جاتا ہے۔

مقامی لوگوں کے مطابق وہ عموماً 20 سے 25 گاڑیوں کے قافلے میں سفر کرتے ہیں۔ ایک مقامی صحافی کے بقول ایک موقع پر انھوں نے ٹیکس اہلکاروں کو، جو ان سے ملاقات کے لیے آئے تھے، گلے میں زندہ سانپ لپیٹ کر واپس جانے پر مجبور کر دیا تھا۔

اننت سنگھ پہلی مرتبہ سنہ 2005 میں موکاما کے حلقے سے منتخب ہوئے تھے اور اس کے بعد 2010، 2015، 2020 اور 2025 کے انتخابات میں بھی اپنی نشست برقرار رکھنے میں کامیاب رہے۔

گذشتہ سال کے انتخابات سے قبل الیکشن کمیشن میں جمع کرائے گئے حلف نامے کے مطابق اننت سنگھ نے خود کو ایک سماجی کارکن قرار دیا تھا جو کاروبار اور زرعی زمینوں کے مالک ہیں۔

حلف نامے میں انھوں نے بتایا تھا کہ اُن کی اور اُن کی اہلیہ کی مشترکہ دولت ایک ارب روپے تک پہنچتی ہے۔ ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی ظاہر کیا تھا کہ ان کے خلاف دو درجن سے زائد فوجداری مقدمات زیرِ التوا ہیں۔ ان میں سے بعض مقدمات میں ان پر قتل، اقدامِ قتل، بھتہ خوری اور ہنگامہ آرائی جیسے سنگین جرائم کے الزامات عائد ہیں۔

رپورٹس کے مطابق اننت سنگھ کئی مرتبہ جیل جا چکے ہیں، تاہم گذشتہ دو دہائیوں کے دوران صرف ایک بار ایسا ہوا جب وہ رکنِ اسمبلی نہیں تھے۔ یہ 2022 میں ہوا تھا جب ایک مقدمے میں سزا سنائے جانے کے بعد انھیں 10 سال قید کی سزا ملی تھی۔ یہ مقدمہ 2019 کا تھا جب ان کے گھر سے اسلحہ اور گولہ بارود، بشمول اے کے 47 رائفل، برآمد ہونے کا دعویٰ کیا گیا تھا۔

اس سزا کے بعد ریاستی اسمبلی نے انھیں نااہل قرار دے دیا تھا، تاہم وہ ضمانت پر رہا رہے اور عدالتی فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی۔ بعد ازاں انھوں نے گذشتہ سال کے انتخابات میں حصہ لیا، کامیابی حاصل کی اور دوبارہ اسمبلی کے رکن بن گئے۔

گذشتہ سال کے انتخابات کے دوران ایک قتل کے مقدمے میں بھی انھیں مرکزی ملزم نامزد کیا گیا تھا اور سپریم کورٹ نے انھیں چار دسمبر تک خود کو حکام کے حوالے کرنے کا حکم دیا ہے۔

اس مقدمے کے سلسلے میں تین ماہ جیل میں گزارنے والے اننت سنگھ نے مختلف انٹرویوز میں کہا ہے کہ وہ سپریم کورٹ کے حکم کی تعمیل کریں گے۔

BBC World Service کی نئی ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

'BBC News اردو' ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔

نوٹ: نئی ایپ برطانیہ اور امریکہ میں دستیاب نہیں ہے اور اس کا انگریزی زبان میں ایڈیشن موجود نہیں۔


News Source

مزید خبریں

BBC

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US