پاکستانی وزیر خارجہ خواجہ آصف نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ ’سعودی عرب کے جنوب میں موجودہ کشیدگی یقیناً اجلاس کے ایجنڈے کا ایک نکتہ ہوگا، جو کہ بہت اہم ہے۔‘ انھوں نے تصدیق کی کہ 'سٹریٹجک پولیٹیکل اینڈ ڈیفینس کمیٹی' کے اجلاس میں سعودی عرب، ترکی اور پاکستان کے وزرا خارجہ اور وزرا دفاع شریک ہوں گے۔

اسلام آباد میں جمعے کو مکہ دفاعی اتحاد کے رکن ممالک پاکستان، ترکی اور سعودی عرب کے حکام کے اجلاس میں وزیر دفاع خواجہ آصف کے مطابق ریاض اور یمن کے حوثیوں کے درمیان تنازع پر بھی گفتگو ہوگی۔
پاکستانی وزیر خارجہ خواجہ آصف نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ ’سعودی عرب کے جنوب میں موجودہ کشیدگی یقیناً اجلاس کے ایجنڈے کا ایک نکتہ ہوگا، جو کہ بہت اہم ہے۔‘ انھوں نے تصدیق کی کہ ’سٹریٹجک پولیٹیکل اینڈ ڈیفینس کمیٹی‘ کے اجلاس میں سعودی عرب، ترکی اور پاکستان کے وزرائے خارجہ اور دفاع شریک ہوں گے۔
اسلام آباد کی مقامی انتظامیہ نے شہر میں جمعے کو مقامی عام تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔ وزارت خارجہ کے ایک عہدیدار نے بی بی سی اردو کو بتایا کہ اتحاد کا اجلاس شہر کے ایک نجی ہوٹل میں ہوگا، جہاں صرف سرکاری میڈیا کو رسائی حاصل ہوگی۔
پاکستان، سعودی عرب اور ترکی نے مکہ دفاعی اتحاد کے معاہدے پر دستخط رواں برس اگست میں کیے تھے، جس کے مطابق ایک ملک پر حملہ تینوں ممالک پر حملہ تصور کیا جائے گا۔
مکہ دفاعی اتحاد کی ’سٹریٹجک پولیٹیکل اینڈ ڈیفینس کمیٹی‘ کا گذشتہ ہنگامی اجلاس ریاض میں گذشتہ مہینے منعقد ہوا تھا اور پاکستانی وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے مطابق وہیں اتفاق ہوا تھا کہ اگلا اجلاس پاکستان میں ہوگا۔
’سعودی عرب کے خلاف خطرہ پاکستان اور ترکی کے خلاف خطرہ تصور ہوگا‘
سعودی عرب اور حوثیوں کے درمیان جھڑپیں گذشتہ کئی مہینوں سے جاری ہیں اور اس دوران یمنی گروہ نے ریاض سمیت خلیجی مملکت کے کئی مقامات پر واقع تیل کی تنصیبات، ہوائی اڈوں اور بندرگاہوں پر حملے کیے ہیں۔
پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف کے مطابق ’معاہدے کے مطابق سعودی عرب کے خلاف کوئی بھی خطرہ پاکستان اور سعودی عرب کے خلاف خطرہ تصور ہوگا، یہ ایک بہت واضح بات ہے۔‘

اے ایف پی سے کی گئی گفتگو میں خواجہ آصف نے اس سوال پر کوئی تبصرہ نہیں کیا کہ اگر سعودی عرب پر ایران کی طرف سے حملہ ہوتا ہے تو کیا ہوگا۔ تاہم انھوں نے اسرائیل کو خطے کے دیگر ممالک کے لیے ایک خطرہ قرار دیا۔
’اسرائیل کی جانب سے کسی ممکنہ تنازع یا جارحیت کے امکانات موجود ہیں۔ خطے میں موجود ممالک کو اتحاد برقرار رکھنے کی ضرورت ہے۔‘
مکہ دفاعی معاہدے کے بعد اب تک کیا ہوا ہے؟
پانچ اکتوبر کو مکہ دفاعی معاہدے کے تحت ریاض میں پولیٹیکل اینڈ ڈیفینس سٹریٹجک کمیٹی کا پہلا ہنگامی اجلاس ہوا تھا، جس کے بعد جاری ہونے والے مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا کہ ’کمیٹی نے اجتماعی دفاعی ذمہ داریوں کے عملی نفاذ کی جانب فوری منتقلی اور عسکری صلاحیتوں کی فراہمی کے لیے ضرور اقدامات اُٹھانے کا فیصلہ کیا۔‘
اعلامیے میں مزید کہا گیا تھا کہ ’اس کے ساتھ ساتھ، منظور شدہ انتظامات اور رکن ممالک کے قومی قوانین کے مطابق افواج اور صلاحیتوں کی مملکت میں تیز رفتار تعیناتی بھی عمل میں لائی جائے گی، تاکہ تیاری، عسکری انضمام اور خطرات کا مقابلہ کرنے اور ان کا تدارک کرنے کی اجتماعی صلاحیت کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔‘
پاکستان میں سرکاری حکام کہہ چکے ہیں کہ مکہ دفاعی معاہدہ ’آپریشنل‘ ہے۔ گذشتہ مہینے ایک پریس کانفرنس کے دوران وزیر خارجہ اور نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے کہا تھا کہ پاکستان ایک ’دفاعی معاہدے کا حصہ ہے اور اس پر عملدرآمد کا پابند ہے۔‘
سرکاری طور پر اس بات کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے کہ پاکستان اپنے شراکت دار سعودی عرب کے دفاع کے لیے کیا اقدامات اُٹھا رہا ہے اور حکام کا کہنا ہے کہ اس معاہدے کی آپریشنل تفصیلات ظاہر نہیں کی جا سکتیں۔
تاہم امریکی نشریاتی ادارے سی این این کو دیے گئے ایک حالیہ انٹرویو میں پاکستانی فوج کے ترجمان سعودی عرب میں پاکستانی فورسز کی موجودگی کی تصدیق کر چکے ہیں۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا پاکستانی دستے مکہ دفاعی اتحاد کے تحت سعودی عرب میں موجود ہیں تو پاکستانی فوج کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ’مختلف صلاحیتیوں کے حامل دستے سعودی عرب میں کئی دہائیوں سے موجود رہے ہیں۔ مکہ اتحاد کسی خلا (ویکیوم) میں نہیں ہوا۔ یہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکی کے درمیان سفارتی، سیاسی اور فوجی تعلق کا تسلسل ہے۔‘
مکہ دفاعی معاہدے سے قبل پاکستان نے گذشتہ برس سعودی عرب کے ساتھ ایک دو طرفہ دفاعی معاہدہ کیا تھا، جس کے تحت، سعودی وزارت دفاع کے مطابق، اسلام آباد نے فضائیہ کے لڑاکا طیارے اور فورسز رواں برس اپریل میں بھیجی تھیں۔
سعودی عرب کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق ’سعودی وزارتِ دفاع نے اعلان کیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کی ایک فوجی فورس سٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے کے تحت مملکت کے مشرقی سیکٹر میں واقع کنگ عبدالعزیز ایئر بیس پہنچ گئی ہے۔‘
ترک پارلیمان نے بھی پاکستان، سعودی عرب اور ترکی کے درمیان طے پانے والے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کی توثیق کر دی تھی۔
ترک ارکانِ پارلیمان کی جانب سے منظور کیے گئے اس معاہدے کے تحت کسی ایک رکن ملک پر حملہ تمام رکن ممالک پر حملے کے مترادف تصور کیا جائے گا۔
تاہم ترک پارلیمان کی خارجہ امور کمیٹی کے سربراہ فؤاد اوکتائے نے واضح کیا تھا کہ یہ اتحاد مکمل طور پر دفاعی نوعیت کا ہے اور اس کا مقصد کسی دوسرے ملک پر حملہ کرنا نہیں۔
اس سے قبل ترک وزیر خارجہ بھی وضاحت کرچکے ہیں کہ ’یہ ایک دفاعی معاہدہ ہے۔ ترکی کسی حملے کے لیے کسی دوسرے ملک اپنے فوجی اہلکار نہیں بھیجے گا۔‘
مکہ دفاعی معاہدے میں مزید کیا لکھا ہے؟
اس معاہدے کا متن گذشتہ مہینے ترکی کی پارلیمنٹ میں منظوری کے لیے جمع کروایا گیا تھا۔
ترکی کی حکومت نے 16 شق پر مبنی مکہ معاہدے کا متن 20 اکتوبر کو توثیق کے لیے پارلیمان میں جمع کروایا تھا۔

بی بی سی مانیٹرنگ کے مطابق ملک کے سرکاری نشریاتی ادارے ’ٹی آر ٹی ھبر‘ کی جانب سے شائع کیے گئے معاہدے کا مکمل متن کچھ یوں تھا:
شق 1: فریقین ایک دوسرے کی آزادی، خودمختاری، علاقائی سالمیت اور بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ سرحدوں کے تقدس کے تحفظ اور دفاع کے لیے تعاون کریں گے۔ اگر کسی فریق کی علاقائی سالمیت، خودمختاری یا تسلیم شدہ سرحدوں کو خطرہ لاحق ہو تو فریقین اس خطرے یا نقصان کو ختم کرنے کے لیے تمام ضروری ذرائع استعمال کریں گے۔
شق 2: کسی بھی فریق پر بیرونی مسلح حملہ تمام فریقین پر حملے کے مترادف تصور کیا جائے گا۔ اگر کسی فریق کو کسی ملک یا ممالک کے گروہ کی جانب سے مسلح حملے یا فوجی جارحیت کا سامنا ہو تو دیگر فریق فوری طور پر باہمی امداد کے تمام دستیاب ذرائع استعمال کرتے ہوئے اس کی مدد کریں گے۔ اقوام متحدہ کے منشور کی شق 51 کے تحت تسلیم شدہ حقِ دفاع کے استعمال کے لیے فریقین مطلوبہ امداد کے معروضی جائزے کے بعد فراہم کی جانے والی معاونت کی نوعیت اور دائرہ کار کا تعین کریں گے، اور اپنے دستیاب وسائل بشمول فوجی ذرائع اور صلاحیتوں کی حد تک تعاون کریں گے۔
شق 3: فریقین دفاع، دفاعی صنعت اور سلامتی کے شعبوں میں قریبی تعاون کریں گے، اپنی مسلح افواج کے درمیان تعلقات کو فروغ دیں گے اور دفاعی تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے متفقہ سرگرمیاں انجام دیں گے۔
شق 4: فریقین بین الاقوامی سلامتی کے امور پر باقاعدگی سے مشاورت کریں گے۔ اپنے اہم قومی مفادات اور سلامتی کے تحفظ اور قومی سلامتی کو درپیش خطرات کے خاتمے کے لیے فریقین مشترکہ جائزوں کی بنیاد پر انفرادی اور اجتماعی اقدامات کی تیاری میں ایک دوسرے کی مسلسل اور مؤثر معاونت کریں گے۔
شق 5: فریقین دہشت گردی کی ہر شکل اور مظہر کے خلاف موجودہ تعاون اور مشترکہ کوششوں، بشمول عملی تعاون، کو مضبوط بنائیں گے تاکہ علاقائی اور عالمی استحکام و سلامتی کو متاثر کرنے والے خطرات کا مقابلہ کیا جا سکے۔
شق 6: جنگ اور امن دونوں حالات میں اپنی دفاعی صلاحیتوں کے فروغ کے لیے فریقین دفاعی اداروں کے عملے کے باہمی تبادلے، مشترکہ تربیتی پروگراموں اور مشقوں، نیز ایسی تعیناتیوں اور سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کریں گے جو مسلح افواج کے درمیان باہمی ہم آہنگی میں اضافہ کریں۔

شق 7: دفاعی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے کے لیے فریقین باہمی رضامندی کی بنیاد پر دفاعی صنعت میں ٹیکنالوجی کے تبادلے، مشترکہ ترقی، مشترکہ پیداوار اور دفاعی اداروں کے درمیان تعاون کی حمایت کریں گے، جن میں دفاعی پیداوار میں مشترکہ منصوبوں کا فروغ، مہارت پر مبنی ٹیکنالوجیز میں مشترکہ تحقیق و ترقی کے ذریعے دفاعی جدت، ماہرین کے ذریعے انسانی وسائل کی تربیت اور دفاعی صنعت کی معاونت، دفاعی صنعت، تحقیق، ترقی اور جدت کے شعبوں میں تجربات اور مہارت کا تبادلہ اور اور دیگر باہمی متفقہ شعبہ جات شامل ہوں گے۔
شق 8: بنیادی فریقین ایک 'سٹریٹیجک پولیٹیکل اینڈ ڈیفنس کمیٹی' قائم کریں گے جس میں وزرائے خارجہ، وزرائے دفاع اور سربراہانِ مسلح افواج شامل ہوں گے۔ یہ کمیٹی مشترکہ دفاع کے لیے سٹریٹجک رہنمائی فراہم کرے گی، دفاعی و سلامتی تعاون کو فروغ دے گی اور معاہدے کے نفاذ میں درپیش رکاوٹوں کو دور کرے گی۔ کمیٹی سال میں دو مرتبہ اجلاس منعقد کرے گی اور میزبانی باری باری فریقین کے پاس ہو گی۔ ضرورت پڑنے پر رکن ممالک کے سربراہان سال میں ایک بار ملاقات کر سکیں گے۔
کمیٹی ضرورت پڑنے پر ذیلی کمیٹیاں بھی قائم کر سکے گی۔ معاہدے میں شامل تعاون کے شعبوں پر عمل درآمد کے لیے اضافی معاہدے اور پروٹوکول بھی طے کیے جا سکیں گے۔ دیگر ممالک کی شمولیت سے متعلق اصول و ضوابط کا تعین بھی بنیادی فریقین کے اتفاقِ رائے سے یہی کمیٹی کرے گی۔ اس کمیٹی کے لیے ایک سیکرٹریٹ سعودی عرب میں قائم کیا جائے گا۔ سیکرٹری جنرل کا عہدہ تین سالہ مدت کے لیے بنیادی فریقین کے درمیان باری باری منتقل ہو گا جبکہ پہلے سیکرٹری جنرل کا تعلق پاکستان سے ہو گا۔
شق 9: انٹیلیجنس تعاون کو فروغ دینے اور ضروری رابطہ کاری کے لیے فریقین معلوماتی سلامتی، ڈیٹا کے تحفظ اور رازداری کو مدنظر رکھتے ہوئے محفوظ اور باہمی طور پر متفقہ ذرائع سے انٹیلیجنس معلومات کا تبادلہ کریں گے۔
شق 10: لاجسٹک سہولیات کی دستیابی اور مطابقت کے مطابق فریقین امن، جنگ اور دیگر ہنگامی حالات میں ایک دوسرے کو اسلحہ، گولہ بارود، ایندھن، سپیئر پارٹس اور دیگر سازوسامان سمیت لاجسٹک معاونت فراہم کریں گے۔
شق 11: بین الاقوامی قانون اور فریقین کے ملکی قوانین کو متاثر کیے بغیر فریقین اس معاہدے کو اس کی شقوں کے نفاذ کے لیے قانونی بنیاد تسلیم کریں گے اور ضرورت پڑنے پر اضافی قانونی ضوابط تجویز کریں گے۔

شق 12: یہ معاہدہ فریقین کے ان حقوق اور ذمہ داریوں کو متاثر نہیں کرے گا جو پہلے سے موجود بین الاقوامی معاہدوں سے پیدا ہوتے ہیں۔
شق 13: فریقین معاہدے کے تحت حاصل ہونے والی خفیہ معلومات اور دستاویزات کی رازداری برقرار رکھیں گے اور قومی قوانین کا احترام کریں گے۔ ایسی معلومات کسی ریاست، کمپنی یا فرد کے ساتھ شیئر نہیں کی جائیں گی جو اس معاہدے کا فریق نہ ہو۔ حساس معلومات تک رسائی صرف 'ضرورت کے مطابق آگاہی' کے اصول اور مناسب سکیورٹی کلیئرنس رکھنے والے افراد کو دی جائے گی۔
شق 14: معاہدے کی تشریح یا نفاذ سے پیدا ہونے والا کوئی بھی تنازع فریقین کے درمیان مشاورت اور مذاکرات کے ذریعے خوش اسلوبی سے حل کیا جائے گا۔
شق 15: اس معاہدے میں ترمیم بنیادی فریقین کے متفقہ فیصلے اور باہمی مشاورت سے کی جا سکے گی۔
شق 16: یہ معاہدہ ہر فریق کے متعلقہ قانونی طریقہ کار کے مطابق توثیق کے بعد نافذ العمل ہو گا اور اس وقت مؤثر ہو جائے گا جب توثیق کی آخری دستاویز سٹریٹیجک پولیٹیکل اینڈ ڈیفنس کمیٹی کے سیکرٹریٹ میں جمع کرا دی جائے گی۔