وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ پہلی بار پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ نے اجتماعی دفاع اور خودمختاری کے تحفظ کو باضابطہ شکل دی ہے۔ ان کے مطابق یہ پیش رفت مسلم دنیا کے متحد ہوکر اپنی سلامتی یقینی بنانے کا پیغام ہے۔
خواجہ آصف نے سوشل میڈیا پر بیان میں کہا کہ دفاعی معاہدے کے سیکریٹریٹ کا قیام اتحاد کو عملی شکل دے گا جبکہ مشترکہ اعلامیے میں علاقائی امن، تنازعات کے پُرامن حل اور سفارت کاری کو ترجیح دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ، وزرائے دفاع اور اعلیٰ عسکری حکام کا اہم اجلاس ہوا جس میں تینوں ممالک نے اجتماعی دفاع، باہمی یکجہتی اور علاقائی سلامتی کیلئے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔اجلاس میں سعودی عرب پر حوثی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے اس کی سلامتی کے تحفظ کے عزم کا بھی اظہار کیا گیا۔