مال بچائو پارٹیاں مولانا کو قربانی کا بکرا بنانے کی سازش کر رہی ہیں: فردوس عاشق

اسلام آباد‘ سیالکوٹ (وقائع نگار خصوصی + نوائے وقت رپورٹ + نامہ نگار) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ جنیوا میں مقبوضہ کشمیر پر 50 سے زائد ممالک کا اعلامیہ بھارت کے لئے آئینہ ہے اور کشمیر کاز سے پختہ وابستگی کا منہ بولتا ثبوت ہے، بھارتی غرور و تکبر خاک میں مل رہا ہے۔ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا یہ اعلامیہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں عالمی ضمیر جگانے کی ہماری مسلسل سفارتی کاوشوں کی کامیابی و کامرانی اور کشمیر کاز سے پختہ وابستگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ پوری دنیا بھارتی جبر اور طاقت کے بہیمانہ استعمال کے خلاف یک زبان ہے۔ بھارتی غرور و تکبر خاک میں مل رہا ہے۔ مولانا صاحب موروثی سیاست اور مال بچاؤ پارٹیاں آپ کو قربانی کا بکرا بنانے کی سازش کر رہی ہیں۔ مولانا فضل الرحمان صاحب پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری کے بیان کا مطلب ہے ’’جاگدے رہنا‘ ساڈے تے نہ رہنا‘‘ بلاول صاحب چاہتے ہیں کہ دھرنا مولانا صاحب اور ان کے مدارس کے بچے دیں اور وہ بلٹ پروف گاڑی سے اڑ کر کرسی پر بیٹھ جائیں۔ پہلے دن کہا تھا کہ اپوزیشن ’’آپس میں سیاست کر رہی ہے‘‘۔ اپوزیشن کو خود اپوزیشن سے خطرہ ہے‘‘ بلاول صاحب ملک کا دورہ کرنے کے بجائے کراچی کا دورہ کر کے وہاں پھیلے کچرے کی صفائی پر توجہ دیں۔ سیالکوٹ میں کربلا کانفرنس سے خطاب کرتے کہا امام عالی مقامؓ نے کربلا میں باطل کو للکارا۔ اے پی پی کے مطابق فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ قوم اپنے عظیم قائد کو ان کی 71 ویں برسی پر خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔ عظیم قائد نے برصغیر کے مسلمانوں کیلئے علیحدہ وطن کے خواب کو شرمندہ تعبیر کیا۔ بدھ کو اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ ’’کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے‘‘ قائد کے اس فرمان کی روشنی میں کسی بھی قیمت پر اپنی شہہ رگ کی حفاظت کریں گے۔


 

WATCH LIVE NEWS

Samaa News TV PTV News Live Express News Live 92 NEWS HD LIVE Pakistan TV Channels

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.