محفوظ غذا: پانچ کھانے جو آپ کی جان بھی لے سکتے ہیں!

Getty Images
کچھ کھانے بے ضرر لگتے ہیں لیکن ان میں خطرات چھپے ہیں

کوئی کھانے کی چیز مضر صحت کیسے ہو سکتی ہے؟ پرانے زمانے میں تو ایسے خیالات رائج تھے لیکن جوں جوں سائنس نے ترقی کی تو معلوم ہوا کہ کئی ایسی چیزیوں جو ہم روزمرہ کے طور پر استعمال کرتے ہیں، دراصل ہمارے لیے کافی نقصان دہ ہو سکتی ہیں۔

حقیقت یہ ہے کہ کوئی بھی چیز بغیر احتیاط کے نہیں کھائی جا سکتی۔ خوراک کے انتخاب سے لے کر اسے پکانے یا اس کی تیاری کے عمل تک، انسان نے کئی صدیوں کے تجربوں کے بعد یہ اندازہ لگایا ہے کہ وہ اشیا کون سی ہیں جو زہریلی ہونے یا دیگر وجوہات کی بنا پر نہیں کھائی جا سکتیں۔

ان اقدامات کے بغیر کچھ غذائیں ایسے ہیں جو کھانے والوں کو نہایت بیمار کر سکتی ہیں، جن کی علامات میں متلی سے لے کر دماغ کی بیماریاں بھی شامل ہو سکتی ہیں اور ان کے نتیجے میں انسان کی موت تک ہو سکتی ہیں۔

خوراک کو بری حالت میں رکھنے یا غلط طرح پکانے سے بھی متلی، دم گھٹنے یا دماغی بیماری جیسی علامات ظاہر ہو سکتی ہیں۔

یہ وہ پانچ چیزیں ہیں جنھیں کھانے سے پہلے بہت احتیاط برتنا ضروری ہے۔ بلکہ اگر آپ کو نیچے دیے گئے چند پہلو سمجھ نہ آئیں تو بہتر ہیں کہ ان کھانوں کو نہ ہی کھایا جائے۔

1۔ پفر مچھلی

Getty Images
خطرناک پفر مچلی جاپان میں ایک پسندیدہ ڈش ہے

پفر مچھلی بہت خطرناک ہو سکتی ہے۔

اس میں ٹیٹروڈو ٹاکسن ہوتا ہے جو کہ ایک زہریلا مادہ ہے اور اسے سائنائیڈ سے بھی زیادہ خطرناک سمجھا جاتا ہے۔

تاہم ان مضر اثرات کے باوجود پفر فش کو کچھ ممالک میں ایک نفیس غذا سمجھا جاتا ہے۔

جاپان میں فوگو (جو کہ تیار کی گئی پفر مچھلی کا ہی نام ہے) کو اکثر کچا یا سوپ میں پیش کیا جاتا ہے۔

شیف یا باورچی کو کئی برسوں کی انتھک تربیت کے بعد ہی یہ مچھلی تیار کر کے گاہکوں کو پیش کرنے کی اجازت ملتی ہے۔

اس ڈش کی تیاری میں سب سے اہم پہلو یہ ہے کہ جب فوگو پلیٹ تک پہنچے تو اس کے سارے زہریلے حصے بشمول دماغ، جلد، آنکھیں، جگر اور آنتڑیاں نکال دی گئی ہوں۔

Getty Images
شیفس کو اس مچھلی کو پکانے کے لیے مخصوص تربیت دی جاتی ہے تاکہ وہ مچھلی کے تمام زہریلے حصے نکال دیں

2۔ کاسو مارزو پنیر

اس خوراک کو جو بات منفرد بناتی ہے وہ اس کے اندر ہی چھپی ہوئی ہے یعنی اس کے اندر کیڑے پڑے ہوتے ہیں!

ممکن ہے کہ اس تصویر کو دیکھ کر آپ کی بھوک مر جائے لیکن اٹلی کے علاقے سارڈینیا میں بننے والی اس پنیر کے دنیا میں بہت مداح ہیں۔

کاسو مارزو کو پیکورینو پنیر میں مکھی کے لاروا کو ڈال کر بنایا جاتا ہے۔ پیکورنیو پنیر پارمیژان کی طرح کی ایک لذیذ چیز ہے۔

وقت کے ساتھ ساتھ چھوٹے کیڑے پنیر کو نرم کر دیتے ہیں۔ جب اسے کھانے کے لیے پیش کیا جاتا ہے تو مرکز میں اس کی کثافت تقریباً مایہ جیسی ہو جاتی ہے۔

Getty Images
کاسو مارزو کا ذائقہ بہت تیز ہے جو کہ لاروا کہ فضلے کی وجہ سے ہو سکتا ہے

مزید پڑھیے

بڑھتی عمر بھوک پر کیا اثر ڈالتی ہے؟

اکثر کہا جاتا ہے کہ اس کا ذائقہ گورگونزولا پنیر جیسا ہے۔ گورگونزولا ایک چکنی پنیر ہے جس میں سبز لہریں ہوتی ہیں۔

کاسو مارزو کا ذائقہ کافی تیز اور منفرد ہوتا ہے، جس میں لاروے کے فضلے کا بھی ہاتھ ہے۔

اس کا ذائقہ چکھنے سے پہلے کچھ چند چیزوں کا خیال رکھنا چاہیے:

  • پہلے تو آپ کے اضطراری افعال یا ریفلیکسز ایسے ہوں کہ آپ کیڑے پکڑ سکیں۔ کھانے کے دوران پلیٹ میں یہ کیڑے 15 سینٹی میٹر تک چھلانگ لگا سکتے ہیں۔
  • دوسرا یہ ہے کہ یہ آسانی سے نہیں ملتی۔ کاسو مارزو خوراک کی اس فہرست میں شامل نہیں جو کہ یورپی یونین نے منظور کی ہو۔ اس لیے اسے برآمد نہیں کیا جا سکتا۔
  • تیسرا یہ کہ کاسو مارزو کو دنیا کی سب سے خطرناک پنیر سمجھا جاتا ہے کیونکہ اس کو کھانے سے صحت کو خطرہ ہے۔
  • یہ زیادہ خطرناک اس وقت بھی ہو جاتی ہے جب کیڑے مر جاتے ہیں کیونکہ اس کا مطلب ہے کہ چیز اب کھانے کے قابل نہیں رہی۔ لیکن اگر وہ فریج میں رکھنے کی وجہ سے مریں تو یہ اور بات ہے اور اس سے کوئی خاص خطرہ نہیں ہوتا۔
  • اسے خراب ہونے کے بعد کھانے سے خراب پیٹ، متلی یا اسہال ہو سکتا ہے۔
Getty Images
کاسو مارزو کو دنیا کی سب سے خطرناک پنیر کہا جاتا ہے

3۔ روبارب یا ریوند

برطانوی کھانوں میں روبارب کی ڈنڈیاں بہت مقبول ہیں۔

یہ کئی مشہور میٹھے پکوانوں اور مشروبات کا ایک اہم جز ہے۔

Getty Images
روبارب کی ڈنڈی برطانیہ میں بہت مقبول ہے

لیکن آپ کو روبارب کے ساتھ بہت احتیاط سے کام لینا ہو گا کیونکہ اس کی ڈنڈی کے ساتھ لگے سبز پتوں میں زہر ہوتا ہے۔

خصوصاً اس میں موجود آوکسالک ایسڈ کو اگر زیادہ مقدار میں کھایا جائے تو اس سے متلی ہو سکتی ہے، معدنیات جذب کرنے کی صلاحیت کم اور گردوں میں پتھری ہو سکتی ہے۔

اس لیے اس پر بہت بحث ہوتی رہتی ہے کہ روبارب کے پتے کتنے خطرناک ہیں۔

آوکسالک ایسڈ ڈنڈی میں بھی ہوتا ہے لیکن یہاں اس کی مقدار پتوں کے مقابلے میں بہت کم ہوتی ہے۔

اگر کوئی شخص اس کے پتوں کی بہت زیادہ مقدار کھائے تو تب ہی موت واقع ہو سکتی ہے لیکن پھر بھی ہمارہ مشورہ ہے کہ احتیاط بہتر ہے۔

4۔ سرخ پھلیاں اور سویا بین

Getty Images
کچی پھلیوں میں چربی کی ایک قسم پائی جاتی ہے جسے ہضم کرنا بہت مشکل ہوتا ہے

عموماً یہ سمجھا جاتا ہے کہ پھلیاں اور دالیں صحت کے لیے اچھی ہیں لیکن ان کی کچھ اقسام ایسی بھی ہیں جنھیں اگر مناسب طریقے سے نہ پکایا جائے تو یہ آپ کو بیمار کر سکتی ہیں۔

سرخ پھلیاں اور سویابین اسی زمرے میں آتی ہیں۔

ان کا مثبت پہلو یہ ہے کہ ان میں بہت زیادہ لحمیات، فائبر، وٹامنز اور معدنیات ہوتی ہیں۔

ان کا منفی پہلو یہ ہے کہ ان میں چربی کی ایک قسم ’فائٹوہیماگوٹینن‘ موجود ہے جس کا نہ صرف نام مشکل ہے بلکہ اس کو ہضم کرنا بھی اتنا ہی مشکل کام ہے۔

جب آپ اسے کھاتے ہیں تو اس بات کے لیے تیار رہیں کہ آپ کو پیٹ میں درد ہو گا اور اور قے بھی آ سکتی ہے۔

اچھی خبر یہ ہے کہ اگر آپ پھلیوں کو اچھی طرح پکائیں تو اس ناخوشگوار کیفیت سے نجات مل سکتی ہے۔

سرخ پھلیوں کی طرح سویا بین بھی پروٹین یعنی لحمیات سے بھری ہوتی ہیں اور ان میں اینٹی آوکسیڈنٹس بھی موجود ہوتے ہیں۔

بدقسمتی سے ان میں اینزائم ٹرپسن کی شکل میں ایک قدرتی زہر بھی ہوتا ہے جو اسے پوری طرح ہضم کرنے میں رکاوٹ ہے۔

دونوں کو پکانے سے پہلے انھیں کم از کم 12 گھنٹے پانی میں بگھونا چاہیے اور بعد میں اچھی طرح خشک اور صاف کرنا چاہیے۔

5۔ نٹمیگ یا جائفل

Getty Images
اگر اسے زیادہ مقدار میں کھایا جائے تو جائفل سے نفسیاتی بیماری ہو سکتی ہے

یہ مشہور مصالحہ انڈونیشیا کے ایک مقامی درخت سے آتا ہے۔

یہ مختلف اقسام کے بسکٹ اور لذیذ پُڈنگز کی تیاری میں ایک اہم جز ہے۔

میٹھے کے علاوہ یہ گوشت، سبزیوں اور چٹنیوں اور چند مشروبات میں بھی استعمال ہوتا ہے۔

لیکن اگر اسے زیادہ مقدار میں کھایا جائے تو اس کے بہت برے اثرات ہو سکتے ہیں۔ مثلاً متلی، درد، سانس پھولنا اور دورے پڑنا۔

جائفل سے ہونے والی بدہضمی سے شاذو نادر ہی موت واقع ہو سکتی ہے لیکن یہ کوئی خاص اچھا تجربہ بھی نہیں ہوتا۔

آپ پوچھ رہے ہوں گے کہ کوئی اتنا زیادہ مصالحہ ایک وقت میں کیوں کھائے گا؟ لیکن جائفل کو صدیوں سے ایک ہیلوسینوجن کے طور پر جانا جاتا ہے۔ یہ نہ صرف آپ کے ذہن پر اثر انداز ہوتا ہے بلکہ اس سے انسان فوراً تخیل میں پرواز کرنے لگتا ہے۔


 

WATCH LIVE NEWS

Samaa News TV PTV News Live Express News Live 92 NEWS HD LIVE Pakistan TV Channels

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.