روس نے پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی کیلئے تعاون کی پیشکش کردی

اسلام آباد: (11 دسمبر 2019) روس نے پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی اور اس کی پیداواری صلاحیت بڑھانے کے لیے تعاون کی پیشکش کردی۔

وفاقی وزیر برائےاقتصادی امور حماد اظہر اور روس کے وزیر تجارت ڈینس ویلنٹنووچ کی زیر صدارت پاکستان روس بین الحکومتی کمیشن کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔ اجلاس کے بعد حماد اظہر کے ہمراہ مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے روسی وزیرتجارت نے کہاکہ ہم اسٹیل ملز کی بحالی اور اس کی پیداواری صلاحیت بڑھانے کے لیے پاکستان کو تعاون فراہم کریں گے۔

انہوں نے نارتھ ساؤتھ گیس پائپ لائن بچھانے سمیت پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے میں دلچسپی ظاہر کی۔ روسی وزیر کا کہنا تھا کہ روس جہاز سازی کے شعبے میں پاکستان کے ساتھ تعاون کا خواہاں ہے جب کہ زراعت کے شعبے میں بھی تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں، اس کے علاوہ روس پاکستان کے ساتھ ریلوے کے شعبے میں بنیادی ڈھانچے اور ریل گاڑیوں کی مقامی تیاری کے شعبے میں تعاون بڑھانا چاہتا ہے۔

اس موقع پر اقتصادی امور کے وزیر حماد اظہر نے کہا کہ پاکستان روس کے ساتھ تعلقات کو تزویراتی شراکت داری میں بدلنے کا خواہش مند ہے۔ حماد اظہر نے کہا کہ روس کی کمپنیاں پاکستان میں تیل و گیس کے شعبے میں سرمایہ کاری کریں۔ پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی میں روس کی جانب سے تعاون کی پیشکش کو سراہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان روس کے ساتھ ریلوے کے شعبے میں مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہے اور کوئٹہ تفتان ریلوے سیکشن کی اپگریڈیشن پر بھی مل کر کام کرنے کو تیار ہیں۔ انہوں نے کہاکہ دونوں ممالک میں تجارت ، کاروباری تعلقات اور عوامی سطح پر رابطوں کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔


 

WATCH LIVE NEWS

Samaa News TV PTV News Live Express News Live 92 NEWS HD LIVE Pakistan TV Channels

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.