صوبائی وزیر تعلیم پنجاب مراد راس نے کہا ہے کہ گزشتہ تین سالوں کے دوران محکمہ تعلیم پنجاب میں 18 نئے منصوبے شروع کیے گئے۔
صوبائی وزیر تعلیم پنجاب مراد راس نے بطور مہمان خصوصی ڈاکٹرزکون 2022 کی لانچنگ تقریب میں شرکت کی جس کا انعقاد پرل کانٹیننٹل ہوٹل مال روڈ لاہور میں کیا گیا۔مراد راس کا اس موقعے پر کہنا تھا کہ شروع کیے جانے والے تمام منصوبے کاغذات میں نہیں بلکہ آن گراونڈ موجود ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اسکولوں میں قرآن کریم کی تعلیم لازم قرار دیے جانا انتہائی خوش آئند ہے، ہم سب نے قرآن کریم پڑھا ہے لیکن ہم میں سے بہت کم لوگ اس مقدس کتاب کا مطلب سمجھتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ یہ ہمارے طلباء کی بڑی خوش نصیبی ہے کہ وہ دنیاوی تعلیم کے ساتھ ساتھ قرآن پاک کو پڑھ کر سمجھ سکیں گے۔مراد راس نے کہا کہ جب حکومت سنبھالی تو محکمہ اسکول ایجوکیشن پنجاب میں ایک ویڈیو کال کرنے کی بھی سہولت موجود نہیں تھی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے چند سالوں میں محکمہ اسکول ایجوکیشن پنجاب کو انقلابی طور پر ٹیکنالوجی سے لیس کیا گیا۔مراد راس نے کہا کہ آج ہمارے اساتذہ گھر بیٹھے چھٹیاں، تبادلے، پروموشن، پینشن، اے سی آرز، و دیگر امور کی درخواستیں آن لائن دے سکتے ہیں۔ پوری دنیا میں اسکولوں کی عمارتیں صبح، دوپہر اور شام کو استعمال ہوتیں ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ انصاف آفٹرنون اسکولز کے قیام کی بدولت گزشتہ تین ماہ کے دوران 2 لاکھ سے زائد طلباء واپس اسکولوں میں آئے ہیں۔ Square Adsence 300X250