کراچی: ملک میں سیلاب اور بارشوں سے تیار فصلیں تباہ ہونے کے باعث کراچی میں سبزیوں کی قیمتیں آسمان کو چھونے لگیں۔
سندھ اور بلوچستان میں بارشوں اور سیلاب کے باعث سبزیوں کی تیار فصلیں تباہ ہونے سے قیمتیں آسمان پر پہنچ گئیں۔ 60 سے 70 روپے میں فروخت ہونے والی سبزیاں 250 سے 500 روپے تک ہوگئی ہیں۔
مقامی مارکیٹ میں پیاز 120 روپے سے 140 روپے کلو میں فروخت ہورہی ہے۔ ٹماٹر 160 روپے تک جا پہنچا، لہسن 320 روپے تک، بیگن 150، کھیرا 150 روپے فی کلو میں فروخت ہورہا ہے۔
مارکیٹ میں بھنڈی کی قیمت 160 سے 170 روپے فی کلو جبکہ دھنیا اور پودینے کی گڈی 30 روپے تک کی ہوگئی ہے۔ اسی طرح 60 روپے فی کلو میں فروخت ہونے والی ترئی 250 روپے فی کلو تک جا پہنچی ہے، لوکی فی کلو 150 روپے فی کلو میں دستیاب ہے۔
70 روپے میں بکنے والی پالک 250 روپے ، پھول گوبی 150 روپے فی کلو اور شملہ مرچ 250 روپے فی کلو ہوگئی۔
سبزی فروشوں کا کہنا ہے کہ جو سلاد پتہ 80 سے 100 روپے کلو فروخت ہوتا تھا اب 500 روپے کلو تک پہنچ گیا ہے۔ سندھ اور بلوچستان میں سیلاب کے وجہ سبزیوں کی قلت ہے جس کی وجہ سے منافع خوروں نے بھی قیمتوں میں من مانا اضافہ کردیا ہے۔