کراچی:ملک میں سیلاب کے بعد مہنگائی کے نئے طوفان نے سر اٹھالیا، سبزیوں کے بعد آٹے اور دودھ کی قیمتوں میں من مانا اضافہ کردیا گیا، متعلقہ اداروں نے چپ سادھ لی۔
فلور ملز نے سپر فائن اور فائن آٹے کے نرخ 104روپے مقرر کردیے جو کہ اس سے قبل 96 روپے فی کلو تھے،10 کلو آٹے کے تھیلے کا نیا ریٹ 995 روپے مقرر کیا گیا ہے جو کہ اس سے قبل 945 روپے تھا۔
پرائس انڈیکیٹر کے مطابق20کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 25 اگست کو ایک ہزار 880 روپے سے بڑھ کر ایک ہزار 960 روپے تک پہنچ گئی۔
ریٹیلر دکاندار سے 5 کلو برانڈڈ فائن آٹے کے تھیلے کے لیے 580 روپے وصول کر رہے ہیں، اس اضافے سے قبل 550 روپے چارج کر رہے تھے، 10 کلو کے تھیلے کی قیمت 11 سو روپے کردی گئی ہے جو اس سے قبل ایک ہزار ایک سو بیس سے ایک سو تیس روپے تک تھی۔
فلور مل مالکان کا کہنا ہے کہ سیلاب اور سڑکوں کی ٹوٹ پھوٹ کے باعث سندھ کے کئی علاقوں سے گندم کی سپلائی کم ہونے کی وجہ سے اوپن مارکیٹ میں گندم کی سپلائی کافی کم ہو گئی ہے جس کے نتیجے میں اوپن مارکیٹ میں گندم کے 100کلو تھیلے کی قیمت اب 8500 روپے ہوگئی جو چند روز قبل تک 7800 روپے تھی۔
دوسری جانب 10روپے اضافے کے بعد ایک لیٹر تازہ دودھ کی قیمت اب 180 روپے فی لیٹر ہوگئی ہے۔اضافے سے قبل تازہ دودھ کی فی لیٹر قیمت جولائی میں 20 روپے اور مارچ میں 10 روپے بڑھائی گئی تھی جو کہ اس اضافے سے قبل 140 روپے میں فروخت ہو رہا تھا۔
کمشنر کراچی نے دسمبر 2021 میں تازہ دودھ کا ریٹیل ریٹ 120 روپے فی لیٹر مقرر کیا تھا لیکن صارفین ابھی تک اس فیصلے پر عمل در آمد دیکھنے سے محروم ہیں۔