بھارت کے نامور کامیڈین ستیہ پرکاش شری واستو المعروف راجو شری واستو 58 برس کی عمر میں چل بسے ہیں۔ 25 دسمبر 1963 کو اترپردیش کے علاقے کانپور میں پیدا ہونے والے راجو شری واستو کی کامیابی کا راستہ زیادہ آسان نہیں تھا۔ 1980 دہائی سے کوشش کرنے کے 20 سال بعد 2005 میں برسوں کی جدوجہد کا ثمر دی گریٹ انڈین لافٹر چیلنج میں حصہ لینے کے بعد ملا۔ راجو شری واستوممبئی آئے تو فلموں میں کام ملنے تک کچھ وقت آٹو رکشہ چلاتے رہے اور ابتداء میں 50 روپے کے عوض فلموں میں چھوٹے چھوٹے کردار ادا کئے۔
کامیڈی
راجو شری واستونے 2005میں ٹیلنٹ شو دی گریٹ انڈین لافٹر چیلنج کے ساتھ اسٹینڈ اپ کامیڈی کے میدان میں قدم رکھا اور دوسرے رنر اپ رہے۔ اس کے بعد اسپن آف دی گریٹ انڈین لافٹر چیلنج چیمپئن میں حصہ لیا جس میں انہوں نے "دی گریٹ انڈین لافٹر چیلنج" کا ٹائٹل جیتا اور کنگ آف کامیڈی قرار پائے۔ راجو شری واستو نے بگ باس سیزن 3 میں بھی حصہ لیا، دو ماہ سے زیادہ گھر میں رہنے کے بعد انہیں 4 دسمبر 2009 کو ووٹ سے باہر کر دیا گیا جس کے بعد میں انہوں نے کامیڈی شو کامیڈی کا مہا مقابلہ میں حصہ لیا۔ وہ اپنے علاقے میں کرکٹ کمنٹری اور دوسرے کی نقل اتارنے کے لیے بھی مشہور تھے۔
ابتدائی کیریئر
راجو شری واستو نے اپنے کیرئیر کا آغاز 1980 سے بالی ووڈ فلموں میں چھوٹے کرداروں سے کیا۔ انہوں نے راج شری پروڈکشن کی فلم میں نے پیار کیا اور مختلف فلموں جیسے بازیگر اور بمبئی ٹو گوا میں دیگر چھوٹے کردار ادا کیے۔ راجو شری واستو نے بالی ووڈ فلم آمدانی اٹھانی خرچا روپیہ میں بطور اداکار اور کامیڈین کام کیا۔2013 میں اپنی بیوی کے ساتھ نچ بلیے سیزن 6 میں حصہ لیا۔
سیاسی کیریئر
سماج وادی پارٹی نے 2014 کے لوک سبھا انتخابات کے لیے کانپور سے راجو شری واستو کو میدان میں اتارا لیکن 11 مارچ 2014 کو انہوں نے یہ کہتے ہوئے ٹکٹ واپس کر دیا کہ انہیں پارٹی کی مقامی قیادت سے حمایت نہیں مل رہی ہے۔اس کے بعد انہوں نے 19 مارچ 2014 کو بھارتیہ جنتا پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔
ذاتی زندگی
راجو شری واستو نے یکم جولائی 1993 کو لکھنؤ سے تعلق رکھنے والی شیکھا نامی خاتون سے شادی کی، ان کے دو بچے انتارا اور آیوشمان ہیں۔ راجو شری واستو کو10 اگست 2022 کو جم میں ورزش کے دوران دل کا دورہ پڑا ،جس کے بعد ان کی انجیو پلاسٹی ہوئی اور انہیں وینٹی لیٹر پر رکھا گیا۔ علاج کے دوران ان وہ کوما میں چلے گئے اور 21 ستمبر 2022 کو ان کا علاج کے دوران انتقال ہوگیا۔
اثاثے
اترپردیش سے ممبئی آنے کے بعد رکشہ چلا کر گزر بسر کرنے اور 50 روپے کے عوض فلموں میں چھوٹے چھوٹے کردار ادا کرنے والے راجو شری واستو کے پاس اس وقت گاڑی اور بنگلہ بھی ہے اور ان کے موجودہ اثاثوں کی مالیت 30 کروڑ کے قریب ہے۔ ان کی اہلیہ شیکھا، بیٹی اور بیٹا اب ان اثاثوں کے مالک بن گئے ہیں۔