اداکار اور ہدایت کار یاسر حسین نے پاکستان میں سیلاب کے دوران ٹورنٹو میں ہم ایوارڈز کی تقریب میں شرکت پر تنقید کرنے والوں کو کھری کھری سنادیں۔
سوشل میڈیا پر تنقید کرنے والوں کو جواب دیتے ہوئے یاسر حسین نے کہا کہ میں یہاں کام کے لیے آیا ہوں، جیسے آپ اپنے کام کی جگہ پر جا رہے ہوں گے۔ اسی طرح کرکٹرز کرکٹ کھیل رہے ہیں۔ جیسے سنیما میں لوگ ٹکٹ بیچ رہے ہیں، میں بھی اپنا کام کررہا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ جب ہمارے سیاستدان بغیر کام کے بیرون ملک کافی پی رہے ہیں، تو میں کام سے بھی کینیڈا نہیں جاسکتا جس سے میں نے اپنا بجلی کا بل بھرنا ہے۔
یاسر حسین نے تنقید کرنے والے فنکاروں کو بھی آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ جو اداکار یہ کہہ رہے ہیں کہ وہ خود نہیں گئے انکو بزنس کلاس کے ٹکٹ نہیں ملے، میں نے ساری چیٹ پڑھی ہے۔
واضح رہے کہ کینیڈا میں ایوارڈز تقریب میں شرکت پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے فنکاروں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے تاہم یاسر حسین کا کہنا ہے کہ جیسے ہر دوسرا شخص اپنا کام کررہا ہے ہم بھی اپنا کام کررہے ہیں تو ایسے میں تنقید بلا جواز ہے۔