bbc-new

فلپائن میں 433 لوگوں کا لاٹری میں جیک پاٹ نکلنے کا واقعہ جس نے ریاضی دانوں کے سر چکرا دیے

ایک ماہر نے بتایا کہ اگر ایک کروڑ لوگوں نے یہ لاٹری کھیلی تو اتنے لوگوں کے جیتنے کا امکان ایک کے بعد 1224 صفر لگانے کے بعد جو عدد بنے، اس میں سے ایک ہے۔

فلپائن میں ایک ہی لاٹری میں 433 لوگوں کا جیک پاٹ نکلنے کے بعد جہاں ایک طرف حیرت کا اظہار کیا جا رہا ہے تو وہیں اس حوالے سے تحقیقات کے مطالبے بھی کیے جا رہے ہیں۔

مقامی میڈیا کے مطابق گرینڈ لوٹو کا سب سے بڑا انعام جیتنے والوں کی یہ سب سے بڑی تعداد ہے۔

گذشتہ ہفتے کے جیک پاٹ کا انعام 23 کروڑ 60 لاکھ پیسو (40 لاکھ امریکی ڈالر) تھا اور جیت کا عدد ایسے اعداد کی سیریز تھا جو سب نو سے تقسیم ہو سکتے تھے۔

فلپائن میں سینیٹ کے اپوزیشن رہنما کوکو پیمینٹل نے ان 'مشتبہ' نتائج کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

بی بی سی کو ایک ماہر نے بتایا کہ اگر ایک کروڑ لوگوں نے یہ لاٹری کھیلی تو اتنے لوگوں کے جیتنے کا امکان ایک کے بعد 1224 صفر لگانے کے بعد جو عدد بنے، اس میں سے ایک ہے۔

یونیورسٹی آف فلپائن میں ریاضی کے پروفیسر گائیڈو ڈیوڈ نے کہا: 'یہ عدد اتنا بڑا ہے کہ مجھے اس کا نام بھی معلوم نہیں۔ ہم نے جتنی کائنات دیکھی ہے، اس میں مالیکیولز کی تعداد 80 صفر جتنی ہے۔'

گرینڈ لوٹو کے شرکا کو ایک سے لے کر 55 میں سے چھ اعداد چننے پڑتے ہیں۔ جیک پاٹ جیتنے کے لیے کسی کھلاڑی کے تمام چھ نمبرز وہی ہونے چاہییں جو لاٹری آپریٹر نے نکالے ہوں۔

کوکو پیمینٹل نے لاٹری کے غیر معمولی نتائج کی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ 'یہ لاٹری گیمز جمہوریہ فلپائن سے منظور شدہ ہیں اس لیے ہمیں ان گیمز کی ساکھ کو برقرار اور محفوظ رکھنا ہے۔'

اتوار کو اس لاٹری کے منتظم سرکاری ادارے فلپائن چیرٹی سویپ سٹیکس آفس (پی سی ایس او) کے جنرل مینیجر میلکوئیڈز روبلز نے کہا کہ کوئی بے ضابطگیاں نہیں ہیں۔ اُنھوں نے کہا کہ فلپائن میں لوگوں کی عادت ہے کہ وہ سلسلہ وار نمبروں پر شرط لگاتے ہیں۔

روبلز نے ایک نیوز کانفرنس کو بتایا کہ 'کئی لوگ ہمیشہ یہی نمبرز کھیلتے ہیں۔ نہ صرف اپنے شوہروں اور بیویوں سے وفادار ہونا اچھا ہے بلکہ اپنے نمبروں سے بھی وفادار ہونا چاہیے۔'

یہ بھی پڑھیے

برطانوی خاتون نے لاٹری جیت کر 60 ملین پاؤنڈکیوں بانٹ دیے؟

ہائے ری قسمت: 'دو کروڑ 60 لاکھ ڈالر کا لاٹری ٹکٹ پینٹ میں ’دھل‘ گئی

25 کروڑ کی لاٹری جیتنے والا انڈین رکشہ ڈرائیور: ’کاش میں نہ جیتا ہوتا‘

پی سی ایس او نے دارالحکومت منیلا کے قریب منڈالیونگ شہر میں لوگوں کے اپنے انعامات وصول کرنے کی تصاویر اور ویڈیوز بھی شیئر کیں۔

جیتنے والے ایک شخص نے کہا: 'میں نو، آٹھ، سات اور چھ کے پیٹرنز پر کئی برسوں سے شرط لگا رہا ہوں اور مجھے خوشی ہے کہ میں جیتا ہوں۔'

یونیورسٹی آف کیلیفورنیا لاس اینجلس میں ریاضی کے پروفیسر ٹیرینس ٹاؤ نے بی بی سی کو بتایا کہ کسی ایک لاٹری میں جیت کا نمبر اس سیریز میں ہونا بہت نایاب ہے۔

مگر اُنھوں نے کہا کہ 'روزانہ دنیا بھر میں سینکڑوں لاٹریاں نکلتی ہیں اور شماریاتی اعتبار سے یہ حیران کن نہیں ہو گا کہ ہر کچھ دہائیوں بعد ان میں سے کوئی ایک لاٹری ایسے غیر معمولی پیٹرن پر نکل آئے۔'


News Source   News Source Text

BBC
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.