راجن پور: قومی اسمبلی کے حلقے 193 راجن پور 1 کے ضمنی الیکشن میں غیر سرکاری و غیر حتمی نتائج کے مطابق ابھی تک پی ٹی آئی کے محمد محسن لغاری کو ن لیگ کے عمار احمد خان لغاری پر برتری حاصل ہو گئی ہے۔
قومی اسمبلی کے حلقے این اے 193 کے 237 میں سے 60 پولنگ اسٹیشنز کے ابھی تک غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج سامنے آئے ہیں۔
دستیاب اعداد و شمار کے تحت پی ٹی آئی کے محمد محسن لغاری 20 ہزار 34 ووٹ لے کر پہلے اور ن لیگ کے عمار احمد خان 11 ہزار 812 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔
واضح رہے کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 193 میں ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی کا عمل شروع کردیا گیا تھا۔
الیکشن کمیشن کے مروجہ طریقہ کار کے تحت راجن پور میں منعقد ہونے والے ضمنی الیکشن میں وقت ختم ہو جانے کے بعد بھی پولنگ اسٹیشنز کی حدود میں موجود ووٹرز کو حق رائے دہی استعمال کرنے کی اجازت دی گئی۔
حلقہ این اے 193 میں ضمنی انتخاب کیلئے صبح 8 بجے شروع ہونے والی پولنگ کا عمل شام 5 بجے تک جاری رہا جس کے دوران 3 لاکھ 79 ہزار 204 ووٹرز کو حق رائے دہی استعمال کرنے کا حق تھا۔
پی ڈی ایم عدلیہ پر حملہ آور ہو کر الیکشن سے بھاگنا چاہتی ہے، عمران خان
ضمنی الیکشن میں 11 امیدواران میدان میں ہیں لیکن اصل مقابلہ ن لیگ اور پی ٹی آئی کے درمیان قرار دیا گیا ہے، پی ٹی آئی کی جانب سے محسن لغاری اور ن لیگ کی جانب سے عمار لغاری کے درمیان مقابلہ ہے جب کہ پیپلزپارٹی کے اختر حسن گورچانی بھی امیدوار ہیں۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے حلقے میں ووٹنگ کیلئے 237 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں جن میں سے 68 کو حساس قرار دیا گیا ہے۔
کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کیلئے 2 ہزار 650 پولیس اہلکار تعینات تھے جب کہ رینجرز اور آرمی کے جوانوں کا بھی حلقے میں گشت رہا ہے۔
پنجاب، کے پی انتخابات از خود نوٹس: پی ڈی ایم کا جسٹس اعجاز اور جسٹس مظاہر پر اعتراض
واضح رہے کہ راجن پور کے حلقہ این اے 193 کی نشست پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی سردار جعفر لغاری کے انتقال پر خالی ہوئی تھی، پنجاب حکومت نے این اے 193 کا ضمنی انتخاب ملتوی کرنے کی درخواست بھی کی تھی۔