بعض اوقات کسی بڑے نقصان سے بچنے کے لیئے فوری فیصلے لینے پڑتے ہیں، خاص کر جب آپ پر بہت سارے لوگوں کی ذمہ داری ہو۔ ایسا ہی کچھ کراچی سے کوئٹہ جانے والے ہوائی جہاز کے ساتھ ہوا۔
رپورٹ کے مطابق، کراچی سے کوئٹہ جانے والے پی آئی اے کے مسافر طیارے کو اڑان کے 17 منٹ بعد ہی واپس کراچی میں اتار لیا گیا۔
پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق، کراچی ایئر پورٹ پر قومی ایئر لائن کے طیارے سے پرندہ ٹکرا گیا تھا جس کی وجہ سے اسے واپس اتار لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق، پی آئی اے کی پرواز پی کے 310 نے صبح 8 بج کر 44 منٹ پر جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ کراچی سے کوئٹہ کے لیے آڑان بھری تھی، جس کے 5 منٹ بعد طیارہ 5000 فٹ کی بلندی پر پہنچا تو پائلٹ نے ٹریفک کنٹرول کو برڈ اسٹرائیک کے باعث واپسی کی اطلاع دی۔ اسطرح اڑان کے 17 منٹ بعد ہی طیارے کو ہنگامی طور پر کراچی جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر واپس لینڈ کرنا پڑا۔
ایئر پورٹ حکام کے مطابق، طیارہ بحفاظت لینڈ کر گیا ہے اور اس کا معائنہ کیا جا رہا ہے۔