امتحان آیا تو امریکہ کے پاؤں پکڑ لیے، قیادت کا فرق دیکھنا ہے تو 28 مئی اور 9 مئی کو دیکھو، مریم نواز

image

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی چیف آرگنائزر مریم نواز نے سابق وزیراعظم عمران خان پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپنے اوپرامتحان آیا تو امریکہ کے پاؤں پکڑ لیے، امریکی سینیٹر کو کال کر کے کہتا ہے کہ ایک بیان دے دو، کہتا ہے امریکہ جب بیان دیتا ہے تو پاکستان میں ہلچل مچ جاتی ہے۔

انہوں نے لبرٹی چوک پر یوم تکبیر کی سلور جوبلی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا قیادت کا فرق دیکھنا ہے تو 28 مئی اور 9 مئی کو دیکھو، فرق نظر آ جائے گا۔ انہوں نے شرکا کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا نواز شریف اور ہر اس شخص کو سلام جس نے ملک کو ایٹمی طاقت بنایا، پاکستان کے سیاستدانوں اورانجینئرز کو سلام، قومی سلامتی کے ادارے اور پاک فوج کو سلام، پاکستانی قوم کو سلام جس نے متحد ہوکر مشکلات کاسامنا کیا۔

انہوں نے کہا بھارت نے جب ایٹمی دھماکے کیے تو نواز شریف اس وقت بیرون ممالک دورے پر تھے، تاریخ گواہ ہے نواز شریف نے انڈیا کے دھماکے کرنے کے 17 دن بعد ایٹمی دھماکے کئے، چاغی کے مقام پر ایٹمی دھماکے کر کے نواز شریف نے ہمیشہ ہمیشہ کیلئے دفاع کو نا قابل تسخیر بنا دیا، نواز شریف نے جب ایٹمی دھماکوں کا فیصلہ کیا تو پوری دنیا سے دباؤ آیا، نواز شریف نے بھارت سمیت پوری دنیا کا دباؤ برداشت کیا مگر ملک کے ساتھ وفاداری نبھائی۔

مریم نواز نے کہا اس وقت کہا گیا پاکستان پر پابندیاں لگیں گی مگر نواز شریف نے پابندیوں کا بھی مقابلہ کیا، نواز شریف نے ملک کا جھنڈا جھکنے نہیں دیا، ملک ، قوم اور معیشت کو سنبھالا،  اسے کہتے ہیں لیڈر شپ، نواز شریف کے ترقیاتی منصوبے نکال دیں تو پیچھے صرف کھنڈرات بچتے ہیں، نواز شریف کو اپنے تین ادوار میں کوئی مدت پوری کرنے نہیں دی گئی لیلکن گوادر سے کراچی تک ہر طرف صرف نوازشریف کے منصوبے نظر آتے ہیں۔

شرکا کو براہ راست مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے استفسار کیا جب ملک میں موٹروے اور میٹرو سامنے آتی ہے تو کس کا خیال آتا ہے؟ نواز شریف نے ملک کو ترقیاتی منصوبے دیئے، جب چاغی کے پہاڑ دیکھتے ہو تو کس کا خیال آتا ہے؟ پاکستان کے دفاع سے خوشحالی تک قوم کو ایک ہی نام نظر آتا ہے اور وہ ہے نواز شریف، اتنے مظالم برداشت کرنے کے بعد بھی نواز شریف نہیں ٹوٹا، آج بھی ساتھی سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح نواز شریف کے ساتھ کھڑے ہیں، ن لیگ کی ساری قیادت جیل میں گئی لیکن کسی نے نواز شریف کو نہیں چھوڑا۔

ن لیگ کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے کہا دوسری طرف مشکل وقت کیا آیا ریت کی دیوار کی طرح سب کچھ منٹوں میں بہہ گیا، قوموں پر مشکل وقت آتا تو لیڈر ڈھال بن کر کھڑا ہوتا ہے، 1998 میں کوئی بزدل پاکستان کی قیادت کررہا ہوتا تو منہ پر کوڑے والی بالٹی ڈال کر چھپ جاتا، بہادرقوموں کی قیادت بہادر لیڈ رکرتے ہیں، دنیا سے تعلقات خراب بھی نہیں کیے، ملک بچالیا، معیشت بھی بچالی اور قوم کو بھی بچالیا، امریکہ 5 ارب ڈالرز دے رہا تھا مگر نواز شریف نے کہا اپنے ڈالرز اپنے پاس رکھو، نواز شریف نے کھل کر کہا میں کسی دباؤ میں نہیں آؤں گا، ملک کو ایٹمی طاقت بناؤں گا۔

انہوں نے کہا دوسری طرف دیکھو، اپنے اوپرامتحان آیا تو امریکہ کے پاؤں پکڑ لیے، امریکی سینیٹر کو کال کر کے کہتا ہے کہ ایک بیان دے دو۔ انہوں ںے کہا جس دن پاکستان ایٹمی قوت بنا تھا تو ہر شہری نے شکر ادا کیا تھا، 28 مئی کو پوری دنیا میں بسنے والے پاکستانیوں کا سر بلند ہو گیا تھا، 9 مئی کو ہر پاکستانی کا سر شرم سے جھک گیا،9 مئی کو لوگوں نے وہ مناظر دیکھے جو افغانستان میں دیکھا کرتے تھے، دفاعی تنصیبات اور شہدا کی یادگاروں کو جلا دیا گیا، جن طیاروں نے دشمن کے طیارے مار گرائے تھے انہوں نے وہ بھی جلا دیے۔

ن لیگ کی چیف آرگنائزر نے شرکا سے پوچھا کون سے پاکستان اور کون سی تصویر کو زندہ رکھنا چاہتے ہیں؟ آج میں یوم تکبیر کے موقع پر اس فتنے کا نام بھی لینا نہیں چاہتی تھی، کہتا ہے دہشت گردی کے مقدمے کیوں بنائے جا رہے ہیں، دہشت گردی کرو گے تو دہشت گردی کے مقدمے ہی بنیں گے، یہاں سب کچھ جلا دیا گیا اور پھر پوچھتے ہو دہشت گردی کے مقدمے کیوں بنا رہے ہو؟

عمران خان کو زمان پارک کی رہائشگاہ میں نظر بند رکھنے کی تجویز

مریم نواز نے خطاب کرتے ہوئے کہا پوچھتی ہوں جو معاشرے میں بگاڑ پیدا کرے کیا وہ خیر خواہ ہو سکتا ہے؟ جو بچوں اور جوانوں کے ہاتھوں میں ماچس اور پیٹرول بم پکڑائے کیا وہ خیر خواہ ہو سکتا ہے؟ ملک کے بچے مقدمے بھگت رہے ہیں اور اس کے بچے لندن میں زندگی گزار رہے ہیں، جو آپ کے دماغ میں بارود بھرے وہ آپ کا ہمدرد کبھی نہیں ہو سکتا۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
تازہ ترین خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.