پاکستان کے اسٹار فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی نے ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں بھارت کیخلاف میچ کے دوران بھارتی فاسٹ باؤلر جسپریت بمراہ سے ملاقات اور نوزائیدہ بیٹے کیلئے تحفہ دیکر بھارتیوں کے دل جیت لئے۔
جسپریت بمراہ کے ہاں 4 ستمبر کو بیٹے کی ولادت ہوئی تھی اور فوری طور پر اسکواڈ کو سری لنکا چھوڑ کر بھارت روانہ ہوئے تھے۔
پاک بھارت ٹاکرے کے دوران شاہین آفریدی نے بھارتی بولر جسپریت بمراہ سے ملاقات کی۔شاہین آفریدی نے جسپریت بمراہ کو بیٹے کی ولادت پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
شاہین نے بمراہ کے بیٹے کیلئے تحفہ دیا جس پر بھارتی بولر نے تحفہ دینے پر شاہین کا شکریہ ادا کیا۔سوشل میڈیا پر اس واقعہ کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پاکستان اور بھارت کے کرکٹ شائقین نے شاہین آفریدی کے اس عمل کو بہت سراہا۔
بھارتی شائقین کا کہنا تھا کہ شاہین میچ میں وکٹیں اڑاکر بھلے ہمیں غصہ دلاتے ہیں لیکن ان کے اس چھوٹے سے عمل نے ہمیں بہت خوشی دی ہے۔