جدید ٹیکنالوجی اور مقابلے کی دوڑ میں چیزوں کی شکلیں بھی بدلتی جارہی ہیں، پہلے جہاں بڑے بڑے ہیڈفونز ہوا کرتے تھے ان کی جگہ اب چھوٹے چھوٹے ایئرپوڈز نے لے لی ہے لیکن امریکا میں خاتون نے وٹامن کی گولی سمجھ کر ایئرپوڈ نگل لیا۔
امریکا میں 52 سالہ خاتون ٹینا بیکر نے اس واقعہ کے حوالے سے ٹک ٹاک پر ویڈیو کے ذریعے بتایاجس کے بعد اس کی یہ ویڈیو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی۔
خاتون نے بتایا کہ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب وہ اپنی سہیلی کے ساتھ صبح سویرے واک کرنے کے لیے نکلی تھی، اس دوران وہ وٹامن کی گولیاں لیا کرتی تھیں۔
ٹینا بیکر نے بتایا کہ اس دن وہ اپنی سہیلی کے ساتھ بات چیت میں اتنی مگن تھی کہ اس نے پانی کے ساتھ گولی کے بجائے اپنے شوہر کے ایئرپوڈ نگل لیا۔ایئرپوڈ کو نگلتے ہوئے کسی گڑبڑ کا احساس تو ہوا تھا مگر وہ بے دھیانی میں پانی کے ساتھ اسے نگلتی چلی گئی۔
خاتون کو اس گڑبڑ کے سچ ہونے کا احساس اسوقت ہوا جب سہیلی کے جانے کے بعد اس نے دیکھا کہ وٹامن کی گولی تو اس کے ہاتھ میں دبی ہوئی تھی مگر ایئرپوڈ کا ایک پیس غائب تھا۔
اس حادثے کے بعد وہ عجلت میں گھر کی طرف روانہ ہوئی اور پورا قصہ اپنے شوہر بتایا، شوہر نے مشورہ دیا کہ وہ اس حادثے کا ذکر کسی سے نہ کرے، مگر انہوں نے اپنے ٹک ٹاک کے دوستوں کو اس سے آگاہ کرنے کا فیصلہ کیا۔
خاتون نے ڈاکٹر سے رجوع کیا ، ڈاکٹر نے کہا کہ خطرے کی کوئی بات نہیں اور ایئر پوڈ کو نکال لیا گیا۔