انڈونیشیا کے نرسنگ ہوم میں آتشزدگی، 16 افراد ہلاک

image

انڈونیشیا کے نرسنگ ہوم میں آگ لگنے سے 16 افراد جل کر ہلاک ہوگئے۔

فائر ڈیپارٹمنٹ کے مطابق انڈونیشیا کے شہر مناڈو میں واقع ریٹائرمنٹ ہوم میں اتوار کی رات شب 8:30 بجے آگ لگنے کی اطلاع موصول ہوئی۔ حکام نے بتایا کہ آگ کے نتیجے میں کم از کم 16 افراد ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے۔

شہر کے فائر اور ریسکیو ایجنسی کے سربراہ نے بتایا کہ کئی لاشیں نرسنگ ہوم کے کمروں سے برآمد ہوئیں۔ آگ پر تقریباً ایک گھنٹے بعد قابو پالیا گیا، تاہم پولیس اب بھی آگ لگنے کی وجوہات کی تحقیقات کر رہی ہے۔

حکام کے مطابق پولیس جاں بحق افراد کی شناخت کی کوشش کر رہی ہے اور متاثرین کے اہل خانہ سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اسپتال سے رابطہ کریں۔

ایک عہدیدار نے بتایا کہ کئی لاشیں اس قدر جھلس چکی ہیں کہ ان کی شناخت مشکل ہوگئی ہے۔

یاد رہے کہ انڈونیشیا میں آتشزدگی کے واقعات غیر معمولی نہیں ہیں۔ رواں ماہ کے آغاز میں دارالحکومت جکارتہ میں 7 منزلہ دفتری عمارت میں لگنے والی آگ میں 22 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US