پاکستان کے سپر اسٹار کھلاڑی شاہد آفریدی نے بتایا ہے کہ میری اہلیہ پردہ دار خاتون ہیں لیکن کئی بار لوگ چھپ چھپ کر میرے خاندان کی ویڈیوز بناتے ہیں، دوران طواف بھی لوگوں نے باپردہ اہلیہ کے ہمراہ ویڈیوز بنانے کی کوششیں کیں جس پر بہت افسوس ہے۔
قومی ٹیم کے سابق کپتان نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ فلمیں، ڈرامے اور شوز بھی دیکھتے رہتے ہیں، ہمایوں سعید کو ’میں ہوں شاہد آفریدی‘ کے نام سے فلم بنانے کی اجازت اس لیے دی تھی کہ انہیں لگا کہ فلم میں اچھا پیغام جائے گا۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ وہ سوشل میڈیا کے خلاف نہیں لیکن سوشل میڈیا کے استعمال کے لیے تعلیم و شعور لازمی ہے، پاکستان کے دور دراز علاقوں میں تعلیم نہیں پہنچ پائی لیکن وہاں وائی فائی پہنچ گیا۔
انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا آنے سے لوگوں کی پرائیویسی ختم ہوگئی ہے، سوشل میڈیا کا استعمال ذمہ داری سے کیا جانا چاہیے، لوگوں کو معلوم ہونا چاہیے کہ کیا چیز غلط ہے اور کیا صحیح ہے۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ میری اہلیہ مکمل پردہ کرتی ہیں لیکن پھر بھی لوگ چھپ چھپ کر ویڈیوز بناتے رہتے ہیں اور یہ عمل انتہائی غلط ہے، ایئرپورٹس اور عام جگہوں پر چھپ کر ویڈیوز بنانے کا اتنا دکھ نہیں لیکن دوران طواف بھی لوگ ان کی اور ان کی باپردہ اہلیہ کی ویڈیوز بناتے رہے۔
انہوں نے بتایا کہ ایسا کرنے والوں کو وہاں منع بھی کیا لیکن وہ نہ مانے، منع کرنے کے باوجود ویڈیوز بنانے والے افراد سے موبائل چھینا اور پھر معذرت بھی کی۔