پاکستان اور بھارت میں رشوت ایک ناسور بن چکی ہے، دونوں ممالک میں کوئی بھی کام رشوت کے بغیر ناممکن ہے جبکہ پولیس کا حال بھی دونوں ملکوں میں ایک جیسا ہے جہاں لوگوں کو پولیس کو دیکھ کر تحفظ کے بجائے لٹنے کا گمان زیادہ ہوتا ہے۔
رشوت کے معاملے پر اکثر لڑائی جھگڑے بھی ہوتے ہیں لیکن انڈیا میں ایک دلچسپ واقعہ پیش آیا جب دو پولیس اہلکار رشوت کی رقم کے معاملے پر سڑک پر ہی لڑپڑے۔
مقامی میڈیا کے مطابق بھارتی ریاست بہار میں ڈیوٹی پر موجود دو پولیس اہلکاروں کے درمیان رشوت کی رقم کے معاملے پر جھگڑا ہوگیا۔ایک اہلکار نے سرِ عام رشوت لینے پر دوسرے کو ڈانٹا تو وہ موقع سے فرار ہونے لگا جس پر پہلے اہلکار نے اسے پکڑ کر ڈنڈا مارا اور دونوں میں لڑائی شروع ہوگئی۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سڑک کنارے پولیس کی گاڑی کھڑی ہے اور سامنے دو اہلکار ایک دوسرے سے الجھ رہے ہیں۔دونوں نے ایک دوسرے کو گریبان سے پکڑ لیا اور شہریوں نے مداخلت کر کے دونوں کا جھگڑا ختم کروایا۔
نالندہ پولیس نے ویڈیو کا نوٹس لیتے ہوئے دونوں اہلکاروں کو پولیس سینٹر طلب کر لیا اور معاملے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔