مدینہ منورہ ۔22دسمبر (اے پی پی):سعودی صنعتی و ترقیاتی اتھارٹی مدن اور بپلک انویسٹمنٹ فنڈ کے تعاون سے قائم کمپنی تراث المدینہ کےدرمیان مدینہ منورہ میں بڑے پیمانے پرکھجور کی مصنوعات کو فروغ دینے کےلیے فیکٹری قائم کرنے کا معاہدہ کیاگیا ہے۔ عاجل نیوز کے مطابق تراث المدینہ کمپنی کے سی ای او بندر القحطانی نے کہاکہ مدن کے ساتھ معاہدے کے بعد فیکٹری کی تعمیر پرفوری طورپرکام شروع کردیا جائے گا۔ فیکٹری کی تعمیر جدید خطوط پرکی جائے گی۔
سی ای او نے کہا کہ فیکٹری میں خاص طورپر مشہور زمانہ عجوہ کھجور کی مختلف اقسام کی مصنوعات تیار کی جائیں گی۔ علاوہ ازیں مدینہ منورہ سمیت دیگر علاقوں کی کھجوروں کو بھی فیکٹری میں جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے محفوظ کیا جائے گا۔بپلک انویسٹمنٹ فنڈ کی جانب سے گزشتہ ستمبر میں کھجوروں کی صنعت کے حوالے سے تراث المدینہ کے نام سے کمپنی کے قیام کا اعلان کیا گیا تھا۔واضح رہے کھجور کے حوالے سے جاری اعداد وشمار کے مطابق اس وقت مملکت کے مختلف علاقوں میں 34 ملین کھجور کے درخت ہیں جن سے سالانہ 3.1 ملین کھجور کی پیداوار ہوتی ہے۔