اسلام آباد۔26دسمبر (اے پی پی):نگران وزیراعظم کے مشیر برائے ہوا بازی فرحت حسین نے کہا ہے کہ پی آئی اے کی نجکاری کا عمل بتدریج جاری ہے، ایئرپورٹ آئوٹ سورس کئے جا رہے ہیں، فروخت نہیں کئے جا رہے۔
منگل کو ایوان بالا کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران سینیٹر زرقا تیمور سہروردی، سینیٹر محسن عزیز اور سینیٹر سعدیہ عباسی کے سوال کے جواب میں مشیر برائے ہوا بازی فرحت حسین نے کہا کہ پی آئی اے کو مختلف وجوہات کی بنا پر خسارے کا سامنا ہے، پی آئی اے کی نجکاری کا عمل بتدریج جاری ہے، اس میں شفافیت کو برقرار رکھا جائے گا، اس حوالے سے نجکاری کمیشن نے فنانشنل ایڈوائزر مقرر کر دیا ہے، اسلام آباد، لاہور اور کراچی ایئرپورٹ کو آئوٹ سورس کرنے کا فیصلہ قومی اسمبلی نے بہت پہلے کیا تھا۔ ایئرپورٹ آئوٹ سورس کئے جا رہے ہیں، فروخت نہیں کئے جا رہے۔پہلے مرحلے میں اسلام آباد ایئرپورٹ کو آئوٹ سورس کیا جا رہا ہے۔ سینیٹر زرقا تیمور سہروردی، سینیٹر تاج حیدر اور سینیٹر دنیش کمار کے سوالات کے جواب میں انہوں نے کہا کہ انڈونیشیا سے دو جہاز پانچ سالہ لیز پر لئے گئے، معاہدہ ختم ہونے کے بعد 2021 میں انہیں اسی کمپنی کے حوالے کیا گیا، کورونا وائرس کی عالمگیر وبا کے باعث معاہدے کے مطابق پیشرفت نہ ہو سکی۔ انہوں نے کہا کہ مذاکرات کے بعد 26 ملین ڈالر ادائیگی کی گئی ہے، ایک ہوائی جہاز پاکستان آ چکا ہے جبکہ دوسرا جلد مل جائے گا، پہلے یہ جہاز لیز پر تھے، اب پاکستان کی ملکیت ہوں گے۔