اسلام آباد۔26دسمبر (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے سابق سیکریٹری خارجہ ریاض کھوکھر کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ منگل کو اپنے تعزیتی بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات نے سابق سیکریٹری خارجہ کی سفارتی خدمات پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا اور مرحوم کے اہل خانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ ریاض کھوکھر کے انتقال کی خبر سن کر دلی افسوس ہوا، ریاض کھوکھر نے دنیا کے اہم ترین دارالحکومتوں جن میں واشنگٹن، بیجنگ اور دہلی شامل ہیں، میں پاکستان کی بھرپور نمائندگی کی، انہوں نے ریٹائرمنٹ کے بعد بھی آخری دن تک پاکستانی ریاست کو اہم ترین مشوروں سے نوازا اور علمی خدمات جاری رکھیں۔انہوں نے کہا کہ مرحوم کی ملک کے لئے سفارتی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ریاض کھوکھر مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں اعلیٰ مقام اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔