اسلام آباد۔26دسمبر (اے پی پی):ملکی برآمدات میں جاری مالی سال کے دوران اضافہ کارحجان جاری ہے، مالی سال کے پہلے 5 ماہ میں برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر5.3 فیصد جبکہ دسمبرکے ابتدائی 20 دنوں میں ملکی برآمدات میں 33.1 فیصدکا نمایاں اضافہ ہوا ہے۔وزیرتجارت ڈاکٹرگوہراعجاز نے مثبت تجارتی رحجان کاخیرمقدم کرتے ہوئے کہاہے کہ برآمدکنندگان کو قابل بنانے اوربرآمدات کیلئے نئی منڈیاں تلاش کرنے کی کوششیں جاری رہیں گی۔
وزارت تجارت کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق دسمبر 2023 کے پہلے 20 دنوں میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 33.1 فیصد(479 ملین ڈالر) اضافہ ہواہے۔ اس کے برعکس اسی مدت کے دوران درآمدات میں سالانہ بنیادوں پر12.8 فیصد(405 ملین ڈالر) کی خاطر خواہ کمی دیکھی گئی۔ اس مثبت رجحان کی وجہ سے دسمبر 2023 میں تجارت کے توازن میں 884 ملین ڈالر کی بہتری ہوئی ہے۔اعدادوشمارکے مطابق یکم جولائی 2023 سے 20 دسمبر 2023 تک پاکستان کی برآمدات 14 ارب ڈالر تک بڑھ گئیں جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 5.3 فیصد(799 ملین ڈالر) زیادہ ہے۔ 1 جولائی 2023 سے 20 دسمبر 2023 کے دوران درآمدات کاحجم 24.3 ارب ڈالرریکارڈکیاگیا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 4.9 ارب ڈالرکم ہے، جاری مالی سال کے دوران تجارتی خسارہ میں 5.6 ارب ڈالرکی کمی ہوئی ہے۔ وزارت تجارت کے مطابق زراعت اور خوراک کی برآمدات میں سال بہ سال 109.2 فیصد غیر معمولی اضافہ ہواہے ، دسمبر 2023 کے پہلے 20 دنوں میں زرعی اورخوراک کی برآمدات سے 574.6 ملین ڈالر کازرمبادلہ حاصل ہواہے۔ اس اضافے کی وجہ مکئی، ایتھائل الکحل، تمباکو اور چاول کی برآمدات ہے۔ ٹیکسٹائل،مینوفیکچرنگ اور انجینئرنگ کے شعبے میں دسمبر 2023 کے پہلے 20 دنوں کے دوران برآمدات میں سال بہ سال 15 فیصد اضافہ ہوا۔انڈونیشیا، متحدہ عرب امارات، مڈغاسکر اور چین سمیت اہم ممالک کو پاکستان کی برآمدات میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا۔ وزیر ڈاکٹر گوہر اعجاز نے تجارت اور اقتصادی ترقی کے لیے سازگار ماحول کو فروغ دینے کے لیے وزارت کے عزم کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے یہ کامیابیاں عالمی منڈی میں پاکستان کی مسابقت کی نشاندہی کرتی ہیں۔