وکیو۔11جنوری (اے پی پی):جاپان کے جزیرے اوکیناوا میں واقع امریکی فوجی اڈے کی منصوبے کے تحت منتقلی کے مقام پر بھرائی کے ذریعے زمین کی بنیاد کو مضبوط بنانے کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔
این ایچ کے کے مطابق جاپان نے امریکی میرین کور فوتینما ایئر سٹیشن کو منتقل کرنے کے لیے ناگو شہر کے ہینوکو کے نزدیک سمندر میں بھرائی کے ذریعے زمین حاصل کرنے کا عندیہ دیا ہے، اس سے قبل اوکیناوا کی حکومت نے منتقلی کے اس منصوبے کی مخالفت کی تھی اور اواُرا خلیج کی زیر سمندر نرم تہہ کو مضبوط بنانے کے لیے ضروری کاموں کی منظوری دینے سے انکار کر دیا تھا۔گزشتہ ماہ ایک عدالت نے مرکزی حکومت کے حق میں فیصلہ سنایا تھا جس میں متعلقہ وزارت کو صوبے کے اعتراضات مسترد کرنے کی اجازت دی گئی تھی جس کے بعد تعمیراتی کام شروع کیا گیا ۔پتھروں اور پاور شولز سے لدا ایک بحری جہاز گزشتہ صبح ساحل سمندر کے نزدیک طے شدہ تعمیراتی مقام پر دیکھا گیا، دوپہر سے کچھ دیر بعد دو شولز نے پتھروں کو پانی میں اتارنے کا کام شروع کیا۔چیف کابینہ سیکرٹری ہایاشی یوشی ماسا نے کہا ہے کہ بدھ کو اس منصوبے کا آغاز ہو گیا ہے، یہ نو سال اور تین ماہ میں مکمل ہونے کی امید ہے۔انہوں نے توقع ظاہر کی کہ تعمیراتی منصوبے پر مرکز اور اوکیناوا کی حکومتوں کے درمیان بات چیت مناسب طریقے سے جاری رہے گی۔اوکیناوا کی مخالفت کے باوجود منصوبے کے ناگزیر ہونے سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت کے خیال میں امریکی اڈے کو ہینوکو منتقل کرنا ہی واحد حل ہے تاکہ فوتینما بیس کی واپسی کو ممکن بنایا جا سکے اور علاقے کو لاحق ممکنہ خطرے سے بچا جا سکے۔