اقوام متحدہ۔24جنوری (اے پی پی):اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش نے کہا ہے کہ اسرائیلی حکومت کی جانب سے اعلیٰ سطح پر دو ریاستی حل کو واضح اور بار بار مسترد کرنا ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے گزشتہ روز مشرق وسطی بحران پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اعلی سطح کے مباحثے میں خطاب کے دوران غزہ میں مزید امداد کی رسائی کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے غزہ کی پوری آبادی حالیہ تاریخ میں برق رفتار اور بڑے پیمانے پر تباہی برداشت کر رہی ہے۔ کوئی بھی چیز فلسطینی عوام کی اجتماعی سزا کا جواز پیش نہیں کر سکتی۔ سیکرٹری جنرل نےسلامتی کونسل کو بتایا کہ غزہ میں انسانی صورتحال خوفناک ہے اور یہ کہ غزہ کے لوگوں کو نہ صرف مسلسل بمباری سے شہید یا زخمی ہونے کا خطرہ ہے بلکہ ان میں ہیپاٹائٹس اے،ہیضہ جیسی متعدی بیماریوں کے بڑھتے ہوئے امکانات بھی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان کے لئے فوجی کارروائیوں کے دوران حراست میں لیے گئے فلسطینیوں کے ساتھ اسرائیل کے غیر انسانی سلوک کی رپورٹس پریشان کن ہیں۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے ایک بار پھر انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر فوری جنگ بندی کی اپیل کی۔