غزہ پر عالمی عدالتی فیصلے کے حوالے سے سلامتی کونسل پریذیڈنسی کا اجلاس آئندہ ہفتےہو گا

image
اقوام متحدہ ۔27جنوری (اے پی پی):اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل پریذیڈنسی نے کہا ہے کہ کونسل کا آئندہ ہفتے ہونے والا اجلاس عالمی عدالت انصاف کےاسرائیل سے غزہ میں نسل کشی بند کرنے کے مطالبے کے فیصلے پر ہو گا۔ اردو نیوز کے مطابق بدھ کو ہونے والا یہ اجلاس الجزائر کی جانب سے طلب کیا گیا جس کی وزارت برائے خارجہ امور کا کہنا ہے کہ یہ اجلاس عالمی عدالت انصاف کے فیصلے اور ان اقدامات کی حمایت کا عکاس ہو گا جن کا اسرائیل کو پابند بنایا گیا ہے۔

خیال رہے کہ عالمی عدالت انصاف نے جمعہ کو جنوبی افریقہ کی اسرائیل کے خلاف درخواست پر عبوری حکم جاری کرتے ہوئے غزہ کے شہریوں کے لیے ہنگامی اقدامات کرنے کا کہا تھا تاہم عدالت کی جانب سے جنگ بندی کا حکم نہیں دیا گیا۔عالمی عدالت انصاف (آئی سی جے) نے غزہ میں اسرائیلی بمباری سے نسل کشی کے الزامات پر جنوبی افریقہ کی درخواست پر ابتدائی فیصلہ سناتے ہوئے کہا تھا کہ اسرائیل کے خلاف نسل کشی کے کنونشن کے تحت مقدمے کی سماعت کا اختیار ہے۔ عالمی عدالت انصاف نے اسرائیل کو غزہ میں نسل کشی روکنے کے کنونشن کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کی ہدایت بھی کی۔عدالت نے اسرائیل سے کہا کہ وہ اپنی فوج کے نسل کشی والے اقدامات کی تحقیقات کرے۔

اسرائیل فوری طور پر غزہ میں انسانی امداد پہنچانے کے راستے کھولے۔عدالتی فیصلے کے مطابق اسرائیل عالمی عدالت کے دیے گئے احکامات پر عمل کر کے رپورٹ جمع کرائے۔عدالت نے مقدمے کی سماعت نہ کرنے اور جنوبی افریقہ کی درخواست خارج کرنے کی اسرائیلی استدعا مسترد کر دی تھی۔عالمی عدالت انصاف نے فیصلے میں کہا ہے کہ جنوبی افریقہ کو یہ درخواست دائر کرنے کا اختیار تھا۔ عالمی عدالت کی صدر جون ای ڈونوغیے نے فیصلے پڑھتے ہوئے کہا کہ عدالت علاقے میں رونما ہونے والے انسانی المیے سے آگاہ ہے اور وہاں مسلسل انسانی جانوں کے ضیاع پر تحفظات رکھتی ہے۔

نیدرلینڈز کے شہر دی ہیگ میں قائم عالمی عدالت نے جنوبی افریقہ کی درخواست پر دلائل سننے اور اسرائیل کا جوابی مؤقف سامنے آنے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔عالمی عدالت انصاف کے مطابق جنوبی افریقہ کی جانب سے غزہ میں نسل کشی کے حوالے سے کافی مواد جمع کرایا گیا۔عدالت نے اپنے فیصلے میں اقوام متحدہ کی مختلف رپورٹس کا بھی حوالہ دیا جن میں سے ایک کے مطابق غزہ بمباری کے بعد رہائش کے قابل نہیں رہا۔

عالمی عدالت انصاف نے جنوبی افریقہ کی جانب سے عبوری اقدامات کیے جانے کے مطالبے کو بھی درست قرار دیا ہے۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
عالمی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.