قاہرہ۔29جنوری (اے پی پی):عرب ممالک اور عرب لیگ نے مغرب کی جانب سےغزہ میں فلسطینی مہاجرین کے لئے اقوام متحدہ کی امدادی ایجنسی (یو این آر ڈبلیو اے) کی امداد روکنے کی مذمت کرتے ہوئے اسے غیر ذمہ دارانہ اقدام قرار دیتے ہوئے کہا ہےکہ یہ اقدام پہلے سے کمزور فلسطینی شہریوں کے لئے مزید مشکلات کا باعث بنے گا ۔
امریکا ،برطانیہ اور جاپان سمیت 10ممالک نے اسرائیل کے اس الزام کے بعد یو این آر ڈبلیو اے کو فنڈنگ روک دی ہے ،جس میں کہا گیا کہ 7اکتوبر کو اسرائیل پر حملے میں اقوام متحدہ کے متعدد ملازمین ملوث ہیں۔ چائنا گلوبل ٹی ویژن نیٹ ورک کے مطابق عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل احمد ابو الغیط نے فنڈنگ روکنے کے فیصلے کو فلسطینیوں کی ’’اجتماعی سزا‘‘کے مترادف قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ مہم نئی نہیں ہے اور یہ اقدام لاکھوں فلسطینیوں کو امددا فراہم کرنے والی ایجنسی کے کام کو ختم کرنے کی خواہش کی عکاسی ہے۔عرب لیگ کے سربراہ نے افسوس کا اظہار کیا کہ اہم مغربی شراکتداروں نے یو این آر ڈبلیو اے کے محدود ملازمین کے خلاف الزامات پر اس خطرناک مرحلے پر ایجنسی کے لیے اپنی فنڈنگ معطل کر دی۔ انہوں نے کہا کہ یو این آر ڈبلیو اے کے خلاف ایک مغربی مہم چل رہی ہے جس کا مقصد عالمی برادری کو فلسطینی پناہ گزینوں کو ریلیف فراہم کرنے میں اپنی ذمہ داریوں سے دستبردار ہونے پر مجبور کرنا ہے۔