کینبرا۔30جنوری (اے پی پی):آسٹریلیا میں 10 سال کے دوران جنسی زیادتی کے واقعات میں 42.8 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
وفاقی حکومت کی پرنسپل ریویو باڈی پروڈکٹیوٹی کمیشن کی طرف سے جاری کی گئی نظام انصاف سمیت سرکاری خدمات بارے سالانہ رپورٹ کے اعداد و شمار کے مطابق 2022 میں ہر ایک لاکھ میں سے 123.7 آسٹریلوی شہریوں نے جنسی زیادتی کا نشانہ بننے پر پولیس سے رجوع کیا ۔یہ تناسب 2013 میں ہرایک لاکھ افراد میں سے 86.6 تھا ۔ آسٹریلیا کی سب سے بڑی ریاستوں اور خطوں میں سے ایک نیو سائوتھ ویلز میں 2022 میں ہر ایک لاکھ افراد میں سے 152.2 لوگوں نے جنسی حملوں کا نشانہ بننے پر پولیس کو شکایت کی جو آسٹریلیا کے دارالحکومت کینبرا میں اسی عرصہ کے دوران 71.2 فی لاکھ کے مقابلے میں دوگنا ہے۔وفاقی حکومت نے اس صورتحال پر کنٹرول کرنے کے لئے جنسی تشدد سے متعلق نظام انصاف میں اصلاحات کے لئے گزشتہ ماہ ایک کمیشن قائم کر نے کا اعلان کیا تھا ۔آسٹریلیا میں اسی مدت کے دوران مسلح ڈکیتی اور قتل جیسی وارداتوں کی شرح میں کمی دیکھی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق مسلح ڈکیتی کی رپورٹ ہونے والی وارداتوں کی شرح 2013 میں ہر ایک لاکھ افراد میں سے 24.3 تھی جو 2022 میں کم ہو کر18.1 رہ گئی۔اسی طرح آسٹریلیا میں قتل کی شرح 1.9 فی لاکھ سے کم ہو کر 1.6 رہ گئی۔