’مجھ سے زیادہ میری اہلیہ کو فکر ہے کہ بابر کی شادی کب ہو گی‘ بابر اعظم کی فینز کے ساتھ دلچسپ گفتگو

صبح صبح جب میں نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر بابر اعظم کا ٹرینڈ دیکھا تو یہ سوچنے پر مجبور ہوا کہ ہو نہ ہو انھوں نے بنگلہ دیش میں جاری بی پی ایل ٹی ٹوئنٹی لیگ میں کوئی کارنامہ انجام دیا ہے جس کا مجھے علم نہیں۔ پھر پتا چلا کہ وہ ایکس پر ایک سپیس میں فینز کے ساتھ بات چیت کر رہے ہیں۔
بابر اپنے مداحوں کے درمیان
Getty Images
بابر اپنے ایک ننھے مداح کے ساتھ

صبح صبح جب میں نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر بابر اعظم کا ٹرینڈ دیکھا تو یہ سوچنے پر مجبور ہوا کہ ہو نہ ہو انھوں نے بنگلہ دیش میں جاری بی پی ایل ٹی ٹوئنٹی لیگ میں کوئی کارنامہ انجام دیا ہے جس کا مجھے علم نہیں۔

جب ایک دو ٹویٹس دیکھے تو پتہ چلا کہ پاکستان کے سابق کپتان بابر اعظم نے بالی وڈ کے اداکار شاہ رخ خان کی ’آسک ایس آر کے‘ کی طرز پر ’آسک بابر اعظم‘ ہیش ٹیگ کے تحت اپنے مداحوں کے سوالوں کے جواب دینے کا ایک سلسلہ شروع کیا ہے۔

اگر شاہ رخ خان تحریری جواب دیتے ہیں تو بابر نے ٹوئٹر سپیس کے روپ میں اپنے مداحوں کے سوالوں کے زبانی جواب دیے جو کہ ان کے مداحوں کے لیے کسی خواب سے کم نہ تھا اور انھوں نے اپنے سوال کے جواب ملنے پر بے انتہا مسرت کا اظہار بھی کیا ہے۔

گذشتہ دنوں انھوں نے ایک ٹویٹ کے ذریعے اس کا اعلان کیا تھا جس کی میزبانی ان کے مینیجر طلحہ رحمانی نے کی اور سوشل میڈیا پر ’آسک بابر‘ کے تحت پوچھے گئے سوالوں کے جواب دیے۔

آپ کو بھی یہ جاننے میں دلچسپی ہو گی کہ ان سے کیسے سوالات پوچھے گئے اور ان کے جوابات انھوں نے اپنے جانے پہچانے انداز میں کیا دیے۔

آئیے بات ان کی بہترین اننگز سے شروع کرتے ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ ان کی بہترین اننگز آسٹریلیا کے خلاف 196 رنز کی تھی جو کہ انھوں نے سنہ 2021-22 کی سیریز میں کراچی میں کھیلی تھی۔

بابر اعظم
Getty Images
بابر

ون ڈے میں وہ انگلینڈ کے خلاف برمنگھم میں کھیلی جانے والی اپنی اننگز کو بہترین قرار دیتے ہیں جس میں انھوں نے 158 رنز بنائے تھے جبکہ ٹی 20 میں وہ جنوبی افریقہ کے خلاف 122 رنز کی اپنی اننگز کو بہترین قرار دیتے ہیں۔

اگرچہ اب وہ کپتان نہیں ہیں لیکن ان کے مینیجر اور مداح انھیں کپتان کہہ کر ہی مخاطب کرتے رہے جبکہ بات چیت کے دوران پاکستان کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان بھی شامل ہوئے اور انھوں نے ان سے ان کی شادی کے بارے میں سوال کیا کہ وہ شادی کب کر رہے ہیں۔

یہ سوال دوسرے لوگوں نے بھی کیے تھے کہ ’کیا وہ دوسروں کی دعوت ہی اڑاتے رہیں گے یا پھر خود بھی دعوت پر لوگوں کو بلائیں گے۔‘

https://twitter.com/_FaridKhan/status/1753070708308291654

جواب میں بابر اعظم نے کہا کہ لوگوں نے تو ان کی شادی نہ جانے کتنی بار کروا رکھی ہے۔ یہ جواب سن کر مجھے معین اختر کا ایک شو یاد آ گیا جس میں وہ پاکستان کے سابق کپتان اور سابق وزیر اعظم عمران خان سے سوال کرتے ہیں کہ آپ کی شادی کب ہو رہی ہے اور انھوں نے بڑے ہی پر لطف انداز میں کچھ ایسا ہی جواب دیا تھا کہ وہ سو کر اٹھتے ہیں تو پتا چلتا ہے کہ ان کی شادی ہو چکی ہے۔

بابر اعظم نے رضوان سے کہا کہ وہ اس کی فکر نہ کریں اور کل ہونے والے میچ کے لیے تیاریاں کریں جبکہ رضوان نے کہا کہ ان سے زیادہ ان کی اہلیہ کو یہ جاننے میں فکر ہے کہ بابر اعظم کی شادی کب ہو رہی ہے۔

رضوان کے حوالے سے ان سے یہ سوال ہوئے کہ انھوں نے ان سے کتنی پشتو زبان سیکھی جس کے جواب میں انھوں نے کہا کہ کچھ تو سیکھی ہے لیکن یہاں بتا نہیں سکتا۔

بابر رضوان اور شاہین شاہ آفریدی کے درمیان
Getty Images
بابراعظم یہاں رضوان اور شاہین شاہ آفریدی کے درمیان

بہر حال ان سے ان کے مشکل حالات سے نمٹنے کے بارے میں بھی پوچھا گیا اور یہ بھی پوچھا گیا کہ سنہ 2016 اور سنہ 2024 کے بابر اعظم میں کیا فرق ہے تو انھوں نے اس کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’ذہنیت، طرزعمل اور یقین کا فرق ہے۔ رکاوٹیں زندگی کا حصہ ہیں اور ان سے نکلنا اور انھیں پار کرنا اور ان کے لیے اپنے اعتبار سے کام کرنا اہمیت کا حامل ہے۔‘

ان سے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) اور پی ایس ایل کے درمیان بہتر ٹورنامنٹ کے بارے میں جو سوال ہوا اس پر انھوں نے اپنے ملک میں ہونے والی لیگ کا ساتھ دیا۔

بابر اعظم اپنی مخصوص شاٹ کور ڈرائیو کے لیے جانے جاتے ہیں۔ ان سے پوچھا گیا کہ ان کے نزدیک سب سے اچھا کور ڈرائیو لگانے والا کھلاڑی کون ہے تو انھوں نے سمتھ کا نام لیا جبکہ بہت سے صارفین کو یہ گمان تھا کہ وہ انڈین بیٹسمین وراٹ کوہلی کا نام لیں گے۔

لیکن کوہلی کے متعلق ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ کوہلی ان کے آئیڈیل ہیں اور ’وہ کنگ کوہلی کے اپنے خطاب کے حقدار ہیں وہ مجھ سے بہتر ہیں، ان سے میں نے کافی کچھ سیکھا ہے، وہ بیسٹ ہیں۔‘

https://twitter.com/Cheems_Bond_007/status/1753102725309689973

عالمی کرکٹ میں وہ کس کے ساتھ بیٹنگ کرنا چاہتے ہیں؟ اس بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں انھوں نے جنوبی افریقہ کے سابق کھلاڑی اے بی ڈویلیئرز کا نام لیا۔ انھوں نے کہا کہ وہ ان کے خلاف تو کھیل چکے ہیں لیکن ان کے ساتھ کھیلنا چاہتے ہیں۔

انھوں نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ قومی ٹیم میں ان کا نام آنا ان کے لیے انتہائی جذباتی لمحہ تھا جبکہ کپتان بنایا جانا بھی کم جذباتی نہیں تھا۔

بابر اعظم نے سابق کپتان سرفراز احمد کی جانب سے حوصلہ افزائی کیے جانے اور ابتدائی مرحلے میں ان کی حمایت کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ ’سیفی بھائی کو میرا بیٹ بہت پسند ہے اور وہ کہتے ہیں کہ تم اپنے لیے دوسرا بیٹ چن لو۔ سیفی بھائی نے میرا بہت ساتھ دیا اور آج میں یہاں انھی کی وجہ سے ہوں۔‘

ان سے یہ بھی پوچھا گیا کہ انھوں نے اپنے اہلخانہ میں کس کس کے خواب پورے کیے تو انھوں کہا کہ تقریباً سبھی کے خواب انھوں نے پورے کیے جبکہ انھوں نے اپنے والد کے خوابوں کو پورا کرنے کے بارے میں تفصیل سے بات کی۔

بابر اعظم کا گذشتہ آسٹریلیا کا دورہ مایوس کن رہا جبکہ نیوزی لینڈ کے خلاف وہ لے میں نظر آئے۔ اب وہ بنگلہ دیش میں جاری لیگ بی پی ایل میں رنگپور رائیڈرز کے لیے کھیلتے ہوئے چار میچز میں 157 رنز بنا چکے ہیں اور سب سے زیادہ رنز بنانے والوں میں چوتھے نمبر پر ہیں۔

بابر اعظم نے اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کیا اور انھیں حمایت کرتے رہنے اور مثبت چیزیں پوسٹ کرتے رہنے کا مشورہ دیا جبکہ پاکستان کے نوجوانوں کے لیے کہا کہ وہ اپنی کوشش اور لگن میں مزید اضافہ کریں جو کہ ان کے مطابق نوجوانوں کی کامیابی کی کلید ہے۔


News Source   News Source Text

BBC
مزید خبریں
کھیلوں کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.