پاکستان کرکٹ بورڈ نے کرکٹ آسٹریلیا سے تیز بالر شاہین شاہ آفریدی کو پیش آنے والی گھٹنے کی چوٹ کے بارے میں تفصیلات مانگ لی ہیں۔
ہفتے کے دن شاہین آفریدی بگ بیش ٹی ٹونٹی لیگ کا ایک میچ کھیلتے ہوئے فیلڈنگ کرتے زخمی ہوگئے جب وہ زور سے اپنے گھٹنوں پر گرے۔ اس واقعے کے بعد پاکستانی تیز بالر فیلڈ سے باہر چلے گئے تھے۔ کیونکہ شاہین شاہ آفریدی اس سے سے پہلے بھی 2021 میں گھٹنے کی چوٹ کی وجہ سے کئی مہینے کرکٹ سے باہر رہے اس وجہ سے پاکستان کرکٹ بورڈ نے کرکٹ آسٹریلیا سے ان کی میڈیکل رپورٹ مانگ لی ہے۔
شاہین کو چوٹ ایڈیلیڈ سٹرائکرز کے اننگز کے بارویں اوور میں پیش ائی اور اس سے پہلے وہ ایک اوور میں 19 رنز کھا چکے تھے۔ شاہین کے لیے بگ بیش ٹورنامنٹ کامیاب نہیں رہا ہے کیونکہ پہلے میچ میں ہی ان کو بالنگ سے روک دیا گیا تھا جب انہوں نے ایک اوور میں دو فل ٹاس بیٹسمین کو کردی تھی اور اس سے پہلے وہ اپنے اوورز میں 40 سے زیادہ رنز دے چکے تھے۔
کل کے میچ میں بھی دو اچھے اوور کرانے کے بعد شاہین اپنے تیسرے اوور میں بری طرح ناکام ہوئے اور ان پر 19 رنز بن گئے۔ کیونکہ پاکستان کو جنوری میں ورلڈ ٹی کپ کی تیاری کے لیے دو سیریز کھیلنی ہے اس وجہ سے بھی کرکٹ بورڈ میں تشویش ہے کہ شاہین کی چوٹ زیادہ شدید نہ ہو۔ اتوار کے دن قومی سلیکٹرز نے اگلے مہینے ہونے والی سری لنکا میں ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے شاہین شاہ آفریدی کو ٹیم میں نہیں رکھا ہے۔