شاداب خان سری لنکا میں ہونے والی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے قومی ٹیم میں شامل

image

قومی سلیکٹرز نے تجربہ کار آل راؤنڈر شاداب خان کو اگلے مہینے سری لنکا میں ہونے والی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے ٹیم میں شامل کردیا ہے۔

شاداب جو اس وقت کامیابی سے آسٹریلیا میں بگ بیش لیگ کھیل رہے ہیں اس سال جون میں کرکٹ سے باہر ہوگئے تھے۔ پاکستان کی بنگلہ دیش کے خلاف سیریز کے بعد ان کو اپنے کندھے کا آپریشن کرانا پڑا جس کی وجہ سے وہ تقریباً پانچ ماہ کرکٹ سے باہر رہے۔ صحت یاب ہونے کے بعد انہوں نے بگ بیش میں واپسی کی اور اب تک سڈنی ٹھنڈرز کی ٹیم کی طرف سے بالنگ اور بیٹنگ دونوں میں اچھا پرفارم کیا ہے۔

قومی سلیکٹرز نے شاداب کے علاوہ کسی اور پاکستانی کھلاڑی کو بگ بیش سے واپس نہیں بلایا سری لنکا سیریز کے لیے جن میں بابر اعظم اور تیز بالرز شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف شامل ہیں۔ حالانکہ جو چھ کھلاڑی بگ بیش میں کھیل رہے ہیں انہوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو یہ پیغام بھجوایا تھا کہ وہ سری لنکا کی سیریز کھیلنا چاہتے ہیں کیونکہ پاکستان نے اپنے ورلڈ کپ کے میچز بھی سری لنکا میں ہی کھیلنے ہیں تو پی سی بی ان کو بھی بلا لیں لیکن ایسا نہیں ہوا۔

قومی سلیکٹرز نے نوجوان بیٹس مین خواجہ نافع کو بھی ٹیم میں شامل کیا ہے۔ یہ خواجہ نافع کا قومی ٹیم کے ساتھ پہلا دورہ ہوگا اور ان کو کیپر اور بیٹسمین کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ٹیم میں کپتان سلمان علی، عبدالصمد، صائم ایوب، صاحبزادہ فرحان، فخر زمان، عثمان خان، فہیم اشرف، محمد نواز، ابرار احمد، عثمان طارق، سلمان مرزا، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ اور شہزاد خان شامل ہیں۔

پاکستان کی ٹیم جنوری کی 7، 9 اور 11 تاریخ کو سری لنکا میں تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US