اسلام آباد۔5فروری (اے پی پی):بیجنگ میں پاکستانی سفارتخانہ کے زیر انتظام پیر کو یوم یکجہتی کشمیر کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر غیر قانونی بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر (IIOJK) میں بھارت کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی جدوجہد کی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ ڈپٹی ہیڈ آف مشن بلال محمود چوہدری، قونصلر نسرین فاطمہ اور قونصلر محمد عمر نے بالترتیب صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ اور نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی کے پیغامات پڑھ کر سنائے جن میں کشمیری عوام کا حق خودارادیت سمیت مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے غیر متزلزل عزم کو اجاگر کیا گیا۔
چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے اپنے پیغام میں انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جرائم کا نوٹس لیں اور قابض افواج کا احتساب یقینی بنائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر کے لوگ ظلم سے پاک مستقبل کے مستحق ہیں اور یہ ہماری اخلاقی، سفارتی اور قانونی ذمہ داری ہے کہ ان کی آواز سنی جائے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے ذریعے تسلیم کئے گئے ان کے حقوق کا تحفظ کیا جائے۔سفارت خانے نے IIOJK میں بھارتی مظالم کی تصویر کشی کرنے والی تصویری نمائش کا بھی اہتمام کیا۔دریں اثنا، سفارت خانے نے عالمی امن و سلامتی کے فروغ کے لیے اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون پر مسلسل عدم عمل درآمد پر ایک مذاکرہ کا بھی اہتمام کیا۔ مذاکرہ کے شرکا نے تنازعات کے حل اوران کی روک تھام کے لیے کثیرالجہتی اقدامات کی اہمیت پر زور دیا۔ تقریب میں سفارتی برادری کے ساتھ ساتھ معروف چینی تھنک ٹینکس اور یونیورسٹیوں کی نمائندگی کرنے والے نامور اسکالرز اور ماہرین تعلیم نے بھی شرکت کی۔