انڈیا میں بجٹ ایئر لائنز انڈیگو کی ایک پرواز نے بنگلورو میں ایمرجنسی لینڈنگ کی ہے۔
این ڈی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ ایمرجنسی لینڈنگ کرنے والی انڈیگو کی پرواز گوہاٹی سے چنائے جا رہی تھی اور اس میں 168 مسافر تھے۔بنگلورو میں ایمرجنسی لینڈنگ سے خبر طیارے کے پائلٹ نے ہنگامی مدد کے لیے ’مے ڈے‘ کی کال دی۔ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ طیارے میں ایندھن کم تھا جس کا پائلٹ کو اُڑان بھرنے کے بعد خیال آیا۔انڈیگو کی فلائٹ نے ایک ایسے وقت ایمرجنسی لینڈنگ کی ہے جب گزشتہ ہفتے احمدآباد میں طیارے کے حادثے کی وجہ سے انڈیا میں فضائی سفر کرنے والے افراد خوف میں مبتلا ہیں۔رپورٹ کے مطابق اس واقعے کے بعد طیارے کے دونوں پائلٹس کو ڈیوٹی سے ہٹا دیا گیا ہے۔ایئر انڈیا کے بوئنگ 787-8 ڈریم لائنر کو 12 جون کو دوپہر کے وقت حادثہ پیش آیا تھا اور جہاز کے گر کر تباہ ہونے سے کچھ دیر پہلے پائلٹ نے ایک ’مے ڈے‘ کال دی تھی۔یہ طیارہ رہائشی عمارتوں سے ٹکراتے ہوئے آگ کے گولے کی طرح پھٹ گیا تھا جس کے نتیجے میں 241 مسافر اور زمین پر کم از کم 38 افراد موت کے منہ میں چلے گئے۔طیارے میں سوار ایک مسافر اس حادثے میں معجزانہ طور پر بچ گیا تھا۔ٹائمز آف انڈیا نے کیمپگوڈا انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ ’ایمرجنسی کی کال ملنے کے بعد ایئر ٹریفک کنٹرول نے زمین پر موجود عملے کو الرٹ کیا۔ طبی اور فائر سروسز کے اہلکار کسی ہنگامی صورتحال کے موجود تھے جب طیارے نے صبح 8 بجے بحفاظت لینڈنگ کی۔‘لینڈنگ کے بعد تمام مسافروں کو مناسب حفاظتی اقدامات کے ساتھ طیارے سے لاؤنج میں منتقل کیا گیا۔