واشنگٹن ۔6فروری (اے پی پی):امریکاکے قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان نے کہا ہے کہ امریکاایرانی حمایت یافتہ عسکری گروپوں پر مزید حملے کرے گا۔
العربیہ اردو کے مطابق جیک سلیوان نےاین بی سی کے پروگرام میٹ دی پریس میں کہا کہ ہم ابھی مزید حملے کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، تاکہ ہم ایک واضح پیغام دے سکیں کہ جب بھی ہماری افواج کو نشانہ بنایا جائے گا ہم جواب دیں گے۔انہوں نے اس سوال کا جواب دینے سے گریز کیا کہ آیا امریکا ایران کے اندر حملے کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ امریکی فوج اس بارے میں بہت محتاط انداز سے چیزوں کو دیکھتی ہے۔اس سے قبل سی بی ایس کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے امریکی مشیر نے کہا کہ جمعہ کوامریکی افواج کی طرف سے کی جانے والی کارروائیاں ہمارے رد عمل کا آغاز تھا، اختتام نہیں، ہم نے مزید اقدامات بھی کئے ہیں جن میں سے کچھ دیکھے جا سکے اور کچھ نظر نہیں آسکے۔واضح رہے پینٹاگان کے مطابق ہفتہ کو یمن میں 13 مقامات پر حوثیوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔ ان حملوں کے دوران راکٹ لانچرز اور میزائل سسٹمز کو تباہ کیا گیا۔دوسری جانب حوثی فوج کے ترجمان یحیٰ ساریہ کا کہنا ہے کہ حوثیوں کے حملے جوابی حملے اور نتائج کی پرواہ کئے بغیر کئے گئے تھے۔ ان حملوں میں اب بھی کمی نہیں آئے گی کیونکہ فلسطینیوں کی حمایت کا فیصلہ غیرمتزلزل ہے۔