فلسطینیوں کو آزاد ریاست ملنے تک اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم نہیں کریں گے ، سعودی عرب

image

ریاض ۔7فروری (اے پی پی):سعودی عرب نے کہا ہے کہ فلسطینیوں کو آزاد ریاست ملنے تک اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم نہیں ہوں گے ۔

سعودی پریس ایجنسی کے مطابق سعودی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ریاض فلسطینیوں کو ان کے جائز حقوق کے حصول پر ثابت قدم ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ مملکت نے امریکی انتظامیہ کو اپنے ٹھوس موقف سے آگاہ کیا ہے کہ اسرائیل کے ساتھ اس وقت تک کوئی سفارتی تعلقات قائم نہیں ہوں گے جب تک 1967 کی سرحدوں پر ایک آزاد فلسطینی ریاست اور مشرقی بیت المقدس کو اس کا دارالحکومت تسلیم نہیں کیا جاتا۔

سعودی بیان میں غزہ کی پٹی میں اسرائیلی جارحیت بند کرنے اور تمام اسرائیلی قابض افواج کے انخلا کا مطالبہ کیا گیا ہے۔مملکت نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مستقل ارکان سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ وہ فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے عمل کو تیز کریں۔سرکاری بیان میں امریکی قومی سلامتی (کونسل) کے ترجمان جان کربی کے بیان کی وضاحت کیے بغیر ان سے منسوب تبصروں کا حوالہ دیا گیا۔قبل ازیں رائٹرز نے رپورٹ کیا تھا جان کربی نے کہا ہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ کو اس حوالے مثبت فیڈ بیک ملا ہے کہ سعودی عرب اور اسرائیل سفارتی تعلقات معمول پر لانے کے لیے بات چیت جاری رکھنے کو تیار ہیں ۔

پیر کو ریاض میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلنکن نے ملاقات کی تھی۔امریکی وزیر خارجہ غزہ کی صورتحال پر اتحادیوں سے بات چیت کے لیے علاقائی دورے پر ہیں۔ وہ منگل کو مصر اور قطر کا دورہ کرنے کے بعد اسرائیل پہنچے تھے۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
عالمی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.