برسلز ۔7فروری (اے پی پی):یورپی یونین نے ترکیہ کے ساتھ تعاون کو مختصر مدّت میں مزید فروغ دینے اور اختلافات کو ختم کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے ۔
ٹی آر ٹی کے مطابق یورپی یونین ممالک کے وزرائے خارجہ کا غیر سرکاری اجلاس یونین کے ٹرم چیئر مین ملک بیلجیم کے دارالحکومت برسلز میں منعقد ہوا۔اجلاس کے ایجنڈے کے موضوعات میں سے ایک ترکیہ کے ساتھ باہمی تعلقات تھا۔ اجلاس کے اختتام پر یورپی یونین کے ہائی کمشنر برائے خارجہ تعلقات و سلامتی پالیسی جوزف بوریل اور بیلجیم کی وزیر خارجہ حجہ لحبیب نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔پریس کانفرنس سے خطاب میں بوریل نے کہا ہے کہ یورپی یونین کے تمام رکن ممالک ترکیہ کے ساتھ مزید قریبی تعلقات قائم کرنے پر متفق ہیں۔انہوں نے کہا کہ ترکیہ کے ساتھ تعلقات کو مزید فروغ دینا، مشترکہ مفادات کے شعبوں میں مل کر کام کرنا اور ایک دوسرے سے دور کرنے والے مسائل سے گریز کرنا ضروری ہے۔بیلجیم کی وزیر خارجہ حجہ لحبیب نے بھی کہا ہے کہ ترکیہ عالمی پلیٹ فورم پر بتدریج ایک مضبوط اسٹریٹجک اتحادی کی شکل میں اُبھر رہا ہے۔ ترکیہ ہمارا ایک ناگزیر شراکت دار ہے۔ ہم یورپی یونین میں توسیع کے سال 2004 کی 20 ویں سالانہ تقریبات میں ترکیہ کو بھی مدعو کریں گے۔ واضح رہے کہ 2004 میں 10 ممالک کو یورپی یونین کی رکنیت دی گئی تھی۔