واشنگٹن ۔7فروری (اے پی پی):امریکا کے وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے سعودی ہم منصب خالد بن سلمان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور اردن اور شام کی سرحد پر امریکی اڈے پر حملے کے رد عمل بارے تبادلہ خیال کیا۔
ٹی آر ٹی نے امریکی محکمہ دفاع کے تحریری بیان کے حوالے سے بتایا کہ لائیڈ آسٹن اور خالد بن سلمان کے درمیان ہونے والی ٹیلی فونک گفتگو میں دونوں نے اردن اور شام کی سرحد پر امریکی بیس پر حملے( جس میں اس کے 3 فوجی مارے گئے) اور یمن کے حوثی باغیوں کے خلاف امریکی جوابی کارروائی بارے تبادلہ خیال کیا۔آسٹن نے ایکس پر جاری ایک بیان میں کہا کہ ان کا ملک عراق اور شام میں اپنی افواج کو درپیش خطرات کے ساتھ ساتھ بحیرہ احمر میں سفر کی آزادی کے خلاف حوثیوں کے خطرات سے نمٹنے کے لیے علاقائی شراکت داروں کے ساتھ کام جاری رکھے گا۔یاد رہے کہ 29 جنوری کو شام اور اردن کی سرحد پر واقع امریکی ٹاور 22 بیس پر حملے میں 3 فوجی ہلاک اور 40 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔