عاطف اسلم کی 7 سال کے وقفے کے بعد بالی وڈ میں واپسی

image

پاکستان کے معروف گلوکار عاطف اسلم سات برس کے وقفے کے بعد ایک بار پھر بالی وڈ میں سُروں کا جادو جگانے جا رہے ہیں۔

ہندوستان ٹائمز کے مطابق عاطف اسلم کی یہ واپسی آنے والی فلم 'لو سٹوری آف 90s' (ایل ایس او 90s) کے ذریعے ہو رہی ہے۔ 

گزشتہ برس اکتوبر میں پاکستانی فنکاروں کے انڈیا میں پرفارم کرنے پر عائد پابندی ختم کی گئی تھی جس کے بعد فلم کے ہدایت کار امت کساریا نے گلوکار سے رابطہ کیا۔ 

انہوں نے اس بارے میں کہا ہے کہ یہ ایک سادہ سی فیملی ڈرامہ فلم ہو گی جس سے 'دل والے دلہنیا لے جائیں گے' کی یادیں تازہ ہو جائیں گی۔

امت کساریا نے مزید کہا کہ 'کسی نہ کسی کو یہ پہل تو کرنا ہی تھی اور اس ٹوٹے تعلق کو جوڑنا تھا۔ میں جانتا ہوں بہت سے لوگ میرا مذاق اُڑائیں گے مگر مجھے ایسا ہی کرنا تھا۔'

ہدایت کار نے یہ انکشاف بھی کیا کہ ان کی ٹیم فلم کے مرکزی 'گیت' کے لیے گانا ریکارڈ کروانا چاہتی تھی اور عاطف اسلم اس رومانوی گیت کے لیے بہترین انتخاب تھے۔ 

انہوں نے کہا کہ 'یہ فلم ایک ایسے شخص کے بارے میں ہے جو ایک معصومانہ سی زندگی گزارنا اور محبت میں گرفتار ہونا چاہتا ہے۔'

امت کساریا نے بتایا کہ 'عاطف اسلم کو اگر یہ گیت پسند نہ آتا تو وہ اسے گانے کے لیے آمادہ نہ ہوتے۔ میں نے انہیں یہ پیغام بھیجا کہ یہ دونوں ملکوں کے درمیان دوستی کا معاملہ ہے۔‘

’عاطف اسلم نے اس بارے میں سوچا کی اور مجھ سے بات کرنے کا فیصلہ کیا جس کا مطلب یہ ہے کہ ان کو یہ گیت پسند آیا۔ میں نے ان سے کہا کہ ہمارے پاس اس گیت کو ریکارڈ کرنے کے لیے مختصر وقت ہے۔'

ہدایت کار کے مطابق عاطف اسلم علیل ہونے کے باوجود اس گیت کی ریکارڈنگ کے لیے ہمارے ساتھ موجود رہے۔

میوزک ڈائریکٹر راہول نائر نے اس گیت کو کمپوز کیا ہے جب کہ اسے شملہ میں فلم کے لیڈ ایکٹرس ادھیان سمن اور مس یونیورس ڈیوا دیویتا رائے پر فلمایا گیا ہے۔

عاطف اسلم نے آخری بار بالی ووڈ فلموں ہم اور نمستے انگلینڈ کے لیے گیت گائے تھے۔ 

خیال رہے کہ  2016 میں اُوڑی حملوں سے قبل پاکستانی اداکاروں، گلوکاروں، موسیقاروں اور شاعروں کے انڈیا میں پرفارم کرنے پر کوئی پابندی عائد نہیں تھی۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
آرٹ اور انٹرٹینمنٹ
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.