بشریٰ انصاری نے اشاروں کنایوں میں خلیل الرحمٰن قمر کو تنقید کا نشانہ بنا دیا

image

پاکستانی شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے ٹی وی انٹرویوز اور پوڈکاسٹ کلچر پر کھل کر تنقید کرتے ہوئے اسے ویوز کے حصول کا ذریعہ قرار دیا ہے۔ انہوں نے ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب پر جاری اپنی تازہ ویڈیو میں کہا کہ بعض اینکرز اور میزبان سینئر فنکاروں کو مدعو کر کے ان کے ماضی کے تنازعات اور پرانے معاملات کو بار بار اچھالتے ہیں تاکہ نیا ردِعمل حاصل کیا جا سکے۔

بشریٰ انصاری نے بالواسطہ طور پر سینئر ڈرامہ نگار خلیل الرحمٰن قمر کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ لفظ نفرت ایک انتہائی گہرا اور منفی لفظ ہے جسے آج کل بلاوجہ استعمال کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نفرت کو اکثر غصے کے مترادف سمجھ لیا جاتا ہے حالانکہ دونوں میں واضح فرق ہے۔

سینئر اداکارہ نے کہا کہ کسی کے رویّے یا برتاؤ سے ناپسندیدگی ہو سکتی ہے مگر وہ ذاتی طور پر کسی سے نفرت نہیں کر سکتیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ آخر کوئی شخص کسی سے نفرت کیسے کر سکتا ہے کیا اس نے آپ کے بچے کو قتل کیا ہے یا آپ کی جائیداد چھین لی ہے؟

بشریٰ انصاری کا کہنا تھا کہ میڈیا میں بعض شخصیات ایسی بھی ہیں جو جھوٹ بولتی ہیں اور ناگوار رویہ رکھتی ہیں اس کے باوجود انہیں بار بار پروگرامز میں بلایا جاتا ہے اور وہی پرانے سوالات دہرائے جاتے ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ ویوز حاصل کیے جا سکیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US