ایرانی صدر کی نماز جنازہ ادا، شہباز شریف تعزیت کے لیے تہران روانہ

image

ہیلی کاپٹر کے حادثے میں وفات پانے والے صدر ابراہیم رئیسی اور ان کے ساتھیوں کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔ جنازے میں شامل ہونے کے لیے ہزاروں ایرانی شہری بدھ کو تہران کی سڑکوں پر نکلے۔ پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف تعزیت کے لیے تہران روانہ ہوئے ہیں، اُن کے ہمراہ وزیر خارجہ اسحاق ڈار بھی ہیں۔

خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق شہر کے وسط میں صدر رئیسی کے پورٹریٹ اٹھائے ہوئے لوگ تہران یونیورسٹی کے اندر اور اس کے آس پاس جمع ہوئے، جہاں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای رئیسی اور ان کے ساتھیوں کے جنازے کی نماز کی امامت کی۔

صدر رئیسی کا ہیلی کاپٹر اتوار کے روز تبریز شہر کے راستے میں شمالی ایران کے دھند سے ڈھکے ایک پہاڑی علاقے میں گر کر تباہ ہو گیا تھا۔

وہ آذربائیجان کی سرحد پر ڈیم کے منصوبے کے افتتاح کی تقریب میں شرکت کے بعد تبریز شہر جا رہے تھے۔

اس حادثے میں وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان بھی وفات پا گئے تھے۔

ایرانی صدر کے ہیلی کاپٹر کے لاپتہ ہو جانے کے بعد اس کی تلاش اور ریسکیو کے لیے ایک بہت بڑا آپریشن شروع کیا گیا جس میں ترکی، روس اور یورپی یونین کی مدد شامل تھی۔

ایران کے سرکاری ٹیلی ویژن نے پیر کو صبح سویرے صدر رئیسی کی موت کا اعلان کیا۔

صدر رئیسی جن کے بارے میں توقع کی جا رہی تھی کہ وہ سپریم لیڈر کے طور پر خامنہ ای کی جگہ لیں گے۔ اُن کی عمر 63 برس تھی۔

دارالحکومت تہران میں بڑے بڑے بینرز لگائے گئے جس میں مرحوم صدر کو ’خدمات کا شہید‘ قرار دیا گیا جبکہ کچھ بینرز پر ’پسماندہ لوگوں کے خادم کو الوداع‘ لکھا گیا۔

تہران کے رہائشیوں کو فون پر پیغامات موصول ہوئے کہ وہ عوامی خدمت کرنے والے ’شہید صدر کے جنازے میں شریک ہوں۔‘

سرکاری میڈیا کے مطابق جنازے کا جلوس جس میں غیرملکی شخصیات نے بھی شرکت کی، یونیورسٹی سے روانہ ہونے کے بعد شہر کے وسط میں واقع وسیع انقلاب سکوائر پہنچا۔

آنجہانی صدر اور ان کے ساتھیوں کی آخری رسومات منگل کو تبریز شہر اور قم کے شیعہ علما کے مرکز میں ہزاروں سیاہ پوش سوگواروں کی شرکت کے ساتھ شروع ہوئیں۔

تہران سے میتیں شمال مشرق میں صدر رئیسی کے آبائی شہر مشہد منتقل کرنے سے پہلے جنوبی خراسان صوبے میں لے جائی جائیں گی، جہاں جمعرات کی شام کو امام رضا کے مزار کے قریب ان کی تدفین کی جائے گی۔

سپریم لیڈر خامنہ ای جو ایران میں حتمی اختیارات رکھتے ہیں، نے پانچ روزہ قومی سوگ کا اعلان کیا ہے اور نائب صدر 68 سالہ محمد مخبر کو صدر رئیسی کے جانشین کے لیے 28 جون کو ہونے والے انتخابات تک نگراں صدر مقرر کیا ہے۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
عالمی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.