کے الیکٹرک کی بجلی چوروں کے خلاف کارروائیاں، کورنگی میں زیرزمین کنڈا کنکشنز ہٹا دیئے
کراچی، 6اگست، 2024: کے۔ الیکٹرک کی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تعاون سے بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔
حال ہی میں پاور یوٹیلیٹی نے کورنگی کے علاقے پاک ٹاؤن، چکرا گوٹھ، لیبر اسکوائر، سیکٹر 34/2 اور ابرہیم حیدری سمیت مختلف علاقوں میں بجلی چوروں کے خلاف کارروائیاں کیں اور بجلی کی چوری کے لیے استعمال ہونے والے زیر زمین کیبلز کو کے۔ الیکٹرک کے انفرا اسٹرکچر سے ہٹادیا۔ ان کیبلز کے ذریعے تقریبا 84000 یونٹس بجلی چوری کی جا رہی تھی جن کے ذریعے 595 گھروں، 70 دکانوں، 155 پتھاروں سمیت 18 واٹر پمپس اور 2 پارکوں کو بھی بجلی مہیا کی جا رہی تھی۔
غیرقانونی کنکشنز (کنڈے)، جنہیں ماہر پروفیشنلز کے ذریعے نصب کیا جاتا ہے، یوٹیلیٹی انفرااسٹرکچر کے حفاظتی پروٹوکول کو نظرانداز کرکے لگائے جاتے ہیں۔ اس طرح کا غیرقانونی اقدام عوام کے لیے خطرات کاباعث بنتے ہیں اور یہ خطرہ مون سون جیسے سیزن میں زیادہ بڑھ جاتا ہے۔
غیرقانونی بجلی کے استعمال کے خلاف کارروائیاں کے۔ الیکٹرک کے معمول کے آپریشنز کا حصہ ہیں، تاکہ لائن لاسز کو کم اور پاور انفرا اسٹرکچر کی حفاظت کو یقینی بنایا جاسکے۔حال ہی میں ختم ہوئے مالی سال میں پاور یوٹیلیٹی نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تعاون سے بجلی چوری میں ملوث افراد کے خلاف 980 ایف آئی آر درج کیں۔ سال کے آغاز سے لے کر کمپنی نے کورنگی، لانڈھی اور ملحقہ علاقوں میں اپنے 1500 سے زائد کنڈا ہٹاؤ مہم چلائیں، جس میں مجموعی طور پر 20,000 کلو کنڈا تاروں کو کے۔ الیکٹرک کے انفرا اسٹرکچر سے ہٹایا گیا۔
بجلی کی چوری اور بلوں کی عدم ادائیگی وہ دو اہم عوامل ہیں جو کسی علاقے کے نقصان کا تعین کرتے ہیں۔ کے۔ الیکٹرک کا 70 فیصد نیٹ ورک لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ ہے، بقیہ علاقوں میں نقصانات کم کرنے کے لیے پاور یوٹیلٹی فعال طور پر کام کررہی ہے تاکہ صارفین کو قابل اعتماد اور محفوظ بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔ جن علاقوں میں لائن لاسز کم ہوتے ہیں وہاں بجلی کی فراہمی کی صورتحال بہتر ہوجاتی ہے۔ کمپنی صارفین، علاقہ معززین اور منتخب نمائندوں سے اپیل کرتی ہے کہ وہ ان چیلنجز سے نمٹنے کے لیے کے۔ الیکٹرک کے ساتھ مل کر کام کریں۔
کے۔ الیکٹرک کا تعارف
کے۔ الیکٹرک ایک پبلک لسٹڈ کمپنی ہے، جس کا قیام 1913ء میں عمل میں آیا اور کے ای ایس سی (KESC) کے نام سے پاکستان میں شمولیت ہوئی۔ کے۔ الیکٹرک پاکستان کی واحد عمودی طور پر مربوط یوٹیلیٹی ہے، جو کراچی اور اُس کے ملحقہ علاقوں کو بجلی فراہم کرتی ہے۔ کمپنی کے 66.4 فیصد اکثریتی حصص (شیئرز) کے ای ایس پاور کی ملکیت ہیں، جو سرمایہ کاروں کا ایک کنسورشیم ہے، جس میں سعودی عرب کی الجومعہ پاور لمیٹڈ، کویت کا نیشنل انڈسٹریز گروپ (ہولڈنگ) اور انفرا اسٹرکچر اینڈ گروتھ کیپٹل فنڈ (آئی جی سی ایف) شامل ہیں۔ کے۔ الیکٹرک میں حکومت پاکستان کے بھی 24.36 فیصد اقلیتی حصص ہیں۔بقیہ حصص فری فلوٹ شیئرز کے طور پر درج ہیں۔