شاہ فیصل کالونی کے پیٹرول پمپ میں آگ کیسے لگی؟ ایس ایس پی نے افسوس ناک حادثے کی وجہ بتادی

image

گزشتہ شب شاہ فیصل کالونی نمبر تین میں رہائشی عمارت کے نیچے قائم پیٹرول پمپ میں ہولناک آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا۔ جس کے نتیجے میں ایک شخص جان کی بازی ہار گیا، جبکہ 10 سے زائد موٹر سائیکلیں جل کر راکھ ہو گئیں۔

اطلاع ملنے پر فائربریگیڈ کی تین گاڑیاں موقع پر پہنچیں، لیکن آگ بے قابو ہو کر عمارت اور نیچے بنی دکانوں تک پھیل گئی، جس کے بعد مزید دو فائر ٹینڈرز کو طلب کیا گیا۔

عمارت فوری طور پر خالی کرالی گئی، لیکن ایک بدقسمت شہری آگ کی لپیٹ میں آ کر جاں بحق ہوگیا، جس کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی۔

بعد ازاں ایس ایس پی کورنگی توحید رحمان میمن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ عمارت میں قائم پیٹرول پمپ کے مالک کے پاس عدالت کے احکامات موجود ہیں، جس کے باعث پولیس کوئی کارروائی نہیں کر سکتی۔

جبکہ ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا کہ آگ جلتی ہوئی سگریٹ پھینکے جانے سے لگی، جسے ایک لڑکے نے پیٹرول پمپ کے قریب پھینکا تھا۔

علاقہ مکینوں کا احتجاج: رہائشی علاقوں میں پیٹرول پمپ خطرہ ہیں

علاقہ مکینوں نے واقعے کے بعد شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ رہائشی علاقوں میں پیٹرول پمپ حادثات کا سبب بنتے ہیں، انہیں فوری طور پر ختم کیا جائے۔

کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد فائربریگیڈ نے آگ پر قابو پالیا، جس کے بعد عمارت میں سرچ آپریشن بھی کیا گیا۔

گورنر سندھ اور وزیراعلیٰ کا نوٹس

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا، جبکہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے آگ لگنے کا سختی سے نوٹس لیا۔

ترجمان وزیراعلیٰ کے مطابق، مراد علی شاہ نے کمشنر کراچی اور ڈپٹی کمشنر ملیر کو فوری طور پر موقع پر پہنچنے اور واقعے کی تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔


About the Author:

Khushbakht is a skilled writer and editor with a passion for crafting compelling narratives that inspire and inform. With a degree in Journalism from Karachi University, she has honed her skills in research, interviewing, and storytelling.

مزید خبریں
تازہ ترین خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.