اسٹیٹ بینک نے نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائنوں کو شارٹ لسٹ کرتے ہوئے نئے نوٹوں کی سیریز کے حوالے سے نتائج کا اعلان کر دیا ہے۔ 10 روپے سے لے کر 5 ہزار روپے کے نوٹوں تک، مختلف ڈیزائن مقابلے میں شامل کیے گئے تھے جن میں سے بہترین ڈیزائنز کو شارٹ لسٹ کیا گیا ہے۔
اسٹیٹ بینک نے 10 روپے، 20 روپے، 100 روپے، 500 روپے اور 5 ہزار روپے کے نوٹوں کے نئے ڈیزائن کو شارٹ لسٹ کیا ہے۔ خاص طور پر 500 روپے کے نوٹ کے لیے محترمہ فاطمہ جناح کی تصویر والا ڈیزائن شامل کیا گیا ہے جبکہ 10 روپے کے دو الگ الگ ڈیزائن بھی مقابلے میں جگہ بنا چکے ہیں۔
5 ہزار روپے کے نوٹ کے دو ڈیزائن شارٹ لسٹ کیے گئے ہیں، اور تمام نوٹوں پر قائد اعظم کی تصویر نمایاں ہوگی۔ جبکہ ایک ہزار روپے کے نوٹ کی خاص بات یہ ہے کہ اس پر لیاقت علی خان کے مکے کا نشان دکھایا گیا ہے اور اس کے پچھلے حصے پر ہاتھوں کی زنجیر کا ڈیزائن بھی شامل کیا گیا ہے۔
یہ شارٹ لسٹ کیے گئے ڈیزائنز اب بین الاقوامی ڈیزائن ماہرین کے پاس بھیجے جائیں گے جو ان پر نظرثانی کرکے حتمی انتخاب کریں گے۔ اسٹیٹ بینک نے اس بات کی یقین دہانی کروائی ہے کہ یہ نئی کرنسی سیریز ملک کے ثقافتی ورثے کی بہترین عکاسی کرے گی اور قومی تشخص کو اجاگر کرے گی۔