زرد پتوں کا بن اپنی چھاپ چھوڑ جائےگا

image

تحریر (شازیہ انور)حسب توقع مضبوط سماجی پیغامات پر مبنی ڈرامہ سیریل ”زرد پتوں کا بن“ عوام کے دلوں پر راج کرنے کے بعد آج اختتام پذیر ہورہا ہے اور موضوعاتی اعتبار سے یقینا لوگوں پر اپنی گہری چھاپ چھوڑ جائے گا۔

سیف حسن کی زیر ہدایت بننے والے اس ڈرامے میں کچھ انتہائی حساس معاملات کو زیر بحث لایا گیا۔ مینو اور ڈاکٹرکے پرعزم رویوں کے ذریعے معاشرے کے بدصورت رویوں اور ان کے بدترین نتائج کو اجاگر کرنے کی کوشش کی گئی۔

ڈرامے میں ایک بیٹی کے اپنی باپ سے خوبصورت تعلق کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا گیا بطور خاص گزشتہ قسط میں فلمائے گئے اس منظر کو ناظرین نے بے حد سراہا جب مینو اپنے باپ کے سامنے ڈاکٹر نوفل سے محبت کا اظہار کرنا چاہتی ہے‘ایسے میں اس کی جھجک کو دیکھتے ہوئے باپ اس کی حوصلہ افزائی کرتا ہے ‘ اس کی حمایت کرتا ہے اور اس کے فیصلے کو عزت دیتا ہے ۔

گائوں سے تعلق رکھنے والی لڑکی کے عزائم کی بلندگی اس کے والد کی حمایت کی مرہون منت ہے اور ڈرامہ یہ ہی سکھانے کی کوشش کررہا ہے کہ بیٹیوں اور ان کے فیصلوں کو اہمیت اور عزت دینے ‘ ان پر اعتبار کرکے آبادی کے اس 51فیصد طبقے کو معاشرے کا فعال حصہ بنایا جاسکتا ہے۔

ڈرامے میں بچوں کی کم تعدادکی اہمیت ‘فیملی پلاننگ‘ معاشرتی جہالت ‘دولت مند طبقے کی اجارہ داری ‘ معاشرے میں مردوں کی حکمرانی اور عورتوں کی تعلیم کے کم مواقعوں پر بات کرتے ہوئے ایک باپ کا بیٹی کے حقوق کیلئے سینہ ٹھوک کر کھڑے ہونے کو موضوع بنایا گیاہے ۔

اس ڈرامے کو مصطفی آفریدی نے خوب لکھا ‘ سیف حسن نے بہترین بنایا ‘ سجل علی اور حمزہ سہیل سمیت دیگر اداکاروں کی حقیقت سے قریب اداکاری نے ’’زرد پتوں کا بن“کو خاصے کی چیز بنادیا۔

ڈرامے کی دیگر کاسٹ میں سمعیہ ممتاز ‘ریحان شیخ‘ علی طاہر ‘ سعد اظہر ‘ عدنان شاہ ٹیپو ‘ سید تنویر حسین‘ منال قریشی‘ چوہدری محمد عثمان‘ مبشر محمود‘ عدیل افضل‘ نجمہ بی بی اور زریاب حیدر شامل ہیں اور حیرت انگیز طور پر اس ڈرامے کا ہر کردار اپنی جگہ نگینے کی طرح فٹ نظر آیا۔

آج ”زرد پتوں کا بن“کی پچیسویں قسط اسکرین پر اپنی آخری جھلک دکھاکر چلی جائے گی اور یقیناً اس کی جگہ ناظرین کوئی اور بہترین ڈرامہ دیکھ سکیں گے۔

ہم ٹی وی سے شروع ہونے والے نئے ڈرامے”محبت ریزہ ریزہ“نے بھی تیزی سے ناظرین میں اپنی جگہ بنانی شروع کردی ہے۔ زین بیگ ‘ منسا ملک اور عمر عالم پر مشتمل اس ڈرامہ سیریل کو سبرین ہسبانی کی شمولیت نے خاص بنادیا ہے کیونکہ سبرین ایک طویل عرصے کے بعد دوبارہ اسکرین پر جلوہ گر ہوئی ہیں اور اب تک کی قسطوں میں انتہائی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتی نظر آرہی ہیں۔

دیگر اداکاروں میں عائشہ راجپوت‘ حنین شاہد‘ ماہ نور شیخ‘ عرفان موتی والا‘ سکندر نواز فرح نادر‘ سجیر الدین‘ عائشہ خان ‘عبدالمنان‘ غنوی بلوچ‘ عدنان حسین‘ سدرہ پروین‘ آر جے عمران‘ شکیب انور‘ سیفل علی وگھیو‘ کاظم رضا ‘ جاوید اقبال‘ اسلم جاوید‘ وجاہت یونس‘ شگفتہ ناز‘ فلک نعیم‘ فردین خان‘حاجی سعود‘ شازیہ معین‘ نصیر ڈار‘ بشیر اعوان اورشایان ملک شامل ہیں۔ مومنہ درید پروڈکشن کی یہ پیشکش نزہت سمن کے قلم کا شاخسانہ ہے جب کہ ڈائریکٹر ہیں عدیل صدیقی۔

ڈرامے کی کہانی کے تانے بانے امیر و کبیر عیسیٰ اکرام اور متوسط گھرانے سے تعلق رکھنے والی صباحت رفیق سے شروع ہوتے ہیں۔ سنجیدہ فطرت ‘ حلیم طبع اور ایک بڑا بزنس مین عیسیٰ اپنی سوتیلی ماں سے نہایت وفادار ہے ‘ اس کی عزت کرتا ہے اور اس کی مرضی کے خلاف جاکر کوئی بھی فیصلہ نہیں کرنا چاہتا۔

مرحوم والد کے ترکے میں ملنے والی زمین و جائیداد کے انتظامات کو احسن طریقے سے چلانے والا عیسیٰ سوتیلی ماں کی سازشوں کا شکار ہے ۔ اس کی سوتیلی ماں دنیا کے سامنے ایک مثالی ماں کا روپ دھارے ہوئے ہیں لیکن درحقیقت وہ جائیداد میں اپنے بچوں کا حصہ وصول کرنے کی جدوجہد میں مصروف ہے اور ماں کی اندھی محبت اور اعتبار کا شکار عیسیٰ حقیقت نہیں سمجھ پاتا ۔

ایسی صورتحال میں اپنی سابقہ کلاس فیلو صباحت سے محبت اسے مشکلات میں مبتلا کردیتی ہے ‘ وہ سوتیلی ماں اور محبت کے درمیان الجھ کر رہ جاتا ہے ۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ آیا عیسیٰ اپنی محبت سے انصاف کرکے اسے اپنی زندگی میں شامل کرتا ہے یا پھر سوتیلی ماں کے چنگل میں پھنس کر اپنی محبت سے ہاتھ دھو بیٹھتا ہے۔ سوتیلی ماں کی شدید خواہش ہے کہ اس کے دونوں بیٹے بزنس میں دلچسپی لیں تاکہ مستقبل میں ساری زمین و جائیداد پر قابض ہو سکیں لیکن نہ صرف انہیں بلکہ اس کی بیٹی کی دلچسپی محض پیسے خرچ کرنے تک ہے ۔

زین بیگ اور منساملک اچھی اداکاری کررہے ہیں جبکہ زین بیگ کے سوتیلے بھائی کے کردار میں عمر عالم بھی بالکل فٹ دکھائی دے رہے ہیں ۔اس سوپ کی کہانی کو آگے چل بہت سے اتار چڑھائو سے گزرنا ہے ‘ سنسنی خیز مناظر ‘ دلچسپ ڈائیلاگز اور بہترین عکاسی یقینا اسے اسکرین کا ایک بڑا ڈرامہ ثابت کریں گی۔

محبت ریزہ ریزہ

اتوار سے پیر شب 7بجے پیش کیا جارہا ہے ۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
تازہ ترین خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.